پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز احمد چوہدری سے مشعال ملک کی ملاقات

جمعرات 5 اپریل 2018 23:36

پی ٹی آئی کے رہنما اعجاز احمد چوہدری سے مشعال ملک کی ملاقات
لاہور۔5 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما اعجازاحمد چوہدری سے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ملاقات کی۔ اس موقع پر کشمیر کی موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعجازاحمد چوہدری نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،پی ٹی آئی کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے،پی ٹی آئی کشمیریوں کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ، پی ٹی آئی مطالبہ کرتی ہے عالمی برادرای آنکھیں کھولے اور بھارتی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستانی عوام کے دل کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں ، بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کا سلسلہ 70سالوں سے شروع کر رکھا ہے، انڈیا کا مکرو چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ، بھارتی فوج کشمیر پر قابض ہے اور بے گناہ کشمیروں کا قتل عام کر رہی ہے ، آج بھی کشمیری عوام کے حوصلے بلندہیں، بھارتی قابض دہشت گرد فوج فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے نکل جائے اورمظلوم کشمیری کو حقیقی آزادی کو تسلیم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اقتدار میں آ کر کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے عالمی سطح پر بھرپو ر آواز اٹھائے گی۔