افسران عوام کی مشکلات دور کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدلقدوس بزنجو

جمعرات 5 اپریل 2018 23:25

افسران عوام کی مشکلات دور کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدلقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آفیسران حکومت کے دست و بازو ہیں اور عوام کی مشکلات کو دور کرنے میں وہ اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ حکومت ان کی سرپرستی ہر سطح پر جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کے 25ویں مڈ کیئر مینجمنٹ کورس میں 36تربیت مکمل کرنے والے آفیسران میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آفیسران کا حکومت کا نظام چلانے میں انتہائی اہم کردار ہے۔ اعلیٰ تربیت کی فراہمی سے ان کے کام میں مزید بہتری آئے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے کے بعد آفیسران صوبے اور ملک کے مختلف محکموں میں احسن طریقے سے اپنے فرائص سرانجام دیں گے جس سے ملک ترقی کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہمارے آفیسران دفتروں میں بیٹھنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکموں سے منسلک اداروں کا دورہ بھی کریں تاکہ ان میں بہتری آسکے۔

وزیراعلیٰ نے نم (NIM) میں پچھلے آٹھ سالوں سے نامکمل منصوبوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کو صوبے کی طرف سے ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر چہ ہمارا صوبہ رقبہ کے لحاظ سے وسیع ہے لیکن ہمارے پاس وسائل کی کمی ہے تاہم ملک اور صوبے کے مفاد میں اس ادارے سے بلوچستان حکومت تعاون کرے گی تاکہ ہمارے آفیسران کو تربیت کے دوران مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر ہم نے ملک اور بلوچستان کو ترقی دینا ہے تو ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ دشمنوں نے بہت کوشش کی کہ ہمارے نوجوانوں کو ورغلائیں تاہم انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی بحالی میں ہماری کوشش کامیاب ہوئی ہے ہماری خواہش ہے کہ کم وقت میں جتنا ممکن ہوسکے عوام کی خدمت کریں۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے آفیسران میں اسناد تقسیم کیں۔ نم پہنچنے پر وزیراعلیٰ کا ڈی جی نم خواجہ اویس عادل اور دیگر آفیسران نے استقبال کیا۔صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر عاصم کرد گیلو، رکن اسمبلی انجینئرزمرک خان اچکزئی، معاون خصوصی برائے ریونیو میر اعجاز سنجرانی بھی تقریب میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :