نوجوان مستقبل کے معمار ہیں، صوبے اور ملک کا مستقبل ان ہی سے وابستہ ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

جمعرات 5 اپریل 2018 23:25

نوجوان مستقبل کے معمار ہیں، صوبے اور ملک کا مستقبل ان ہی سے وابستہ ہے،وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے مستقبل کے معمار ہیں، صوبے اور ملک کا مستقبل ان ہی سے وابستہ ہے اگر وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہمارا صوبہ اور ملک ترقی نہ کرسکے۔ اسلامیہ کالج بلوچستان کا علی گڑھ اور صوبے کا اثاثہ ہے جس نے صوبے میں تعلیم کے شعبے میں نامور شخصیات پیدا کیں جو ملک کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ بوائز کالج میں لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج مجھے اپنے نوجوانوں سے مخاطب ہوکر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کیونکہ یہی نوجوان ہمارا مستقبل ہیں اور انہوں نے مستقبل میں صوبے اور ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔

(جاری ہے)

اسلامیہ بوائز کالج کی خدمات کو سراہتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ادارہ ہمارا اثاثہ ہے اور اگر ہم اسے بلوچستان کا علی گڑھ قرار دیں تو بے جا نہ ہوگا۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ اسی تسلسل سے اپنی خدمات جاری رکھے گا اور طلباء محنت سے حصول تعلیم میں اپنا وقت صرف کریں گے۔ طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کے پاس محنت اور دل لگا کر پڑھائی کرنے کا یہی موقع ہے اور ا س موقع کو بالکل ضائع نہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کالج میں لائبریری کا افتتاح میرے لئے انتہائی باعث مسرت ہے کیونکہ سوشل میڈیا پیج کے اس دور میں لوگ کتب بینی سے دور ہورہے ہیں لیکن ہمیں کتب بینی پر زیادہ توجہ دینی کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کی ترقی میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور اس سلسلے میں نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ کوئٹہ شہر کی صفائی اور بہتری کے لئے سب کو آگے آنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ سابقہ حکومتوں نے کیا کیا ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن جتنا ہوسکے ہم صوبے کی بہتری کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جب ہماری حکومت ختم ہو تو لوگ ہمیں اچھے الفاظ سے یاد رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی منصوبہ شروع کرنے سے پہلے اس کی بہتر طریقے سے منصوبہ بندی کی جائے تاکہ منصوبے ادھورے نہ رہ جائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عنقریب سوشل میڈیا کو ایکٹیو کریں گے جہاں لوگ مسائل کی نشاندہی اور اپنی شکایات سے آگاہ کرسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ صوبہ ہم سب کا ہے ہم سب کو ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دینے چاہئیں اور عوامی نوعیت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نے اسلامیہ بوائے کالج میں لائبریری کا افتتاح کیا اور لائبریری کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ تقریب کے دوران بچوں نے وزیراعلیٰ اور دیگر مہمانوں کو ٹیبلو پیش کرکے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اسلامی بوائے کالج کے لئے ایک کروڑ روپے، انتظامیہ کے لئے پانچ لاکھ اور ٹیبلو پیش کرنے والے بچوں کے لئے تین لاکھ روپے کا اعلان کیا۔ تقریب کے آخر میں وزیراعلیٰ نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو میڈل پہنائے۔ صوبائی وزراء میر سرفراز بگٹی، میر عاصم کرد گیلو، رکن اسمبلی انجینئرزمرک خان اچکزئی، معاون خصوصی برائے ریونیو میر اعجاز سنجرانی بھی تقریب میں شریک تھے۔

متعلقہ عنوان :