آرمی چیف کا دورہ جنوبی وزیرستان، دو بڑے منصوبوں کا افتتاح

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مقتول نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی،انصاف کے حصول کی کوششوں کی حمایت کی یقین دہانی قبائلیوں نے امن کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے،فاٹا کو مقامی عوام کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ضروری ہے،جنرل قمر جاوید باجوہ کی گفتگو

جمعرات 5 اپریل 2018 22:57

آرمی چیف کا دورہ جنوبی وزیرستان، دو بڑے منصوبوں کا افتتاح
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2018ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دو بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا ،مقتول نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی جبکہ سپہ سالار پاک فوج کا کہنا تھا کہ قبائلیوں نے امن کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے،فاٹا کو مقامی عوام کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ضروری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے مکین میں کراچی میں جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے نقیب اللہ محسود کے والد سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے نقیب اللہ محسود کے والد سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے نقیب اللہ محسود کے والد کو یقین دلایا کہ پاک فوج نقیب اللہ کے لیے انصاف کے حصول کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی۔

علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنوبی وزیرستان ایجنسی کے دورے کے موقع پر دو سماجی و اقتصادی ترقی کے بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا۔جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ان میں وانا ایگریکلچر پارک اور مکین کے علاقے میں مارکیٹ شامل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایگریکلچر پارک وانا میں پائن نٹ پروسیسنگ پلانٹ، 1000 ٹن گنجائش کا کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاسز، گودام اور 128 دکانیں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ مکین کے علاقے میں ایک مارکیٹ کا بھی افتتاح کیا گیا جس میں 728 دکانیں موجود ہیں جبکہ اس سے متصل دیگر سہولیات اور چلڈرن پارک بھی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق منصوبے فاٹا میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر آرمی چیف نے قبائلی عمائدین سے خطاب بھی کیا۔اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ قبائلیوں نے امن کے لئے بھاری قیمت ادا کی ہے،فاٹا کو مقامی عوام کی امنگوں کے مطابق قومی دھارے میں لانا ضروری ہے، فاٹا کی ترقی اور پائیداراستحکام کیلئے فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ضروری ہے۔