نواز شریف کو عوام نے جوعزت دی کوئی اسے چھین نہیں سکتا ،اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی عزت چھیننے کی کوشش کرنے والوں کا مقدرذلت ہی ہو گی،

نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بس رہے ہیں، انہیں پانامہ یا اقامہ کی آڑ میں ان کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا ، کئی ماہ تک فائلیں کھنگالنے کے باجود ان پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا، پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے عوام پہلے کی طرح آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے،حمزہ شہباز شریف

بدھ 4 اپریل 2018 23:34

نواز شریف کو عوام نے جوعزت دی کوئی اسے چھین نہیں سکتا ،اللہ تعالیٰ کی ..
فیصل آباد ۔4 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے صاحبزادے و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو عوام نے جوعزت دی کوئی اسے چھین نہیں سکتا جبکہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے دی گئی عزت چھیننے کی کوشش کرنے والوں کا مقدرذلت ہی ہو گی کیونکہ نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بس رہے ہیں جنہیں پانامہ یا اقامہ کی آڑ میں ان کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا نیز کئی ماہ تک فائلیں کھنگالنے کے باجود ان پر ایک پائی کی کرپشن کا الزام ثابت نہیں ہو سکا لہٰذا پاکستان کی تعمیر و ترقی کا سفر جاری رکھنے کیلئے عوام پہلے کی طرح آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے ۔

بدھ کی شام سمندری میں چوہدری محمد شریف گجر کی برسی کی تقریب کے سلسلہ میں میونسپل فٹبال گرائونڈ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران انہوںنے کہاکہ نواز شریف کئی مہینوں سے مسلسل عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں لیکن تمام ملکی وسائل استعمال کئے جانے کے باوجود ان پر کرپشن کا ایک بھی الزام ثابت نہیں کیا جا سکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف مل کر عوام کی خد مت کر رہے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ اور عوام نے عزت سے نوازا ۔

انہوںنے کہاکہ اللہ جسے چاہتا ہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے ذلت ملتی ہے لیکن ایسا کسی کے ذاتی اختیار میں نہیں اس لئے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ نواز شریف کو ایوان اقتدار سے باہر کر کے عوام کے دلوں سے نکال دیا گیا ہے تو یہ ان کی خام خیالی ہی ہے۔انہوںنے کہاکہ نواز شریف لوگوں کے دلوں میں بس رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ جس قدر ترقی نواز شریف اور شہبازشریف کے موجودہ دور میں ہوئی ملک کی 70سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پہلے ملک میں بیس بیس ، بائیس بائیس گھنٹے بجلی بند رہتی تھی لیکن ان کے قائدین نے یہ اندھیرے ختم کر دیئے ۔انہوںنے کہاکہ پہلے ہر روز کسی نہ کسی شہر میں بم دھماکے ، خود کش حملے ، دہشت گردی کے واقعات ہو تے تھے لیکن ہم نے ان کی کمر توڑ کر رکھ دی۔انہوںنے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے ذریعے ملک کو تعمیر و ترقی کی ایسی منازل کی جانب رواں دواں کر دیا گیا ہے جس کے باعث آئندہ چند سالوں میں پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میںہونے لگے گا۔

انہوںنے کہاکہ نواز شریف ہی پاکستان اور نوجوان نسل کا مستقبل ہیں۔انہوںنے کہاکہ اگر نواز شریف نے کوئی کرپشن کرنا ہوتی تو اس وقت کرتے جب ایٹمی دھماکے نہ کرنے کی صورت میں انہیں اربوں روپے کی پیشکش کی گئی مگر انہوںنے ہر لالچ اور دبائو کو ٹھوکر مار دی۔حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان میں پہلے کسی موٹر وے کسی میٹرو بس کسی اورنج لائن یا پاور پراجیکٹ کا کوئی وجود نہیں تھا لیکن اب جگہ جگہ یہ منصوبے چل رہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو 2018ء کے انتخابات میں عبرت ناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ ملکی ترقی صرف زبانی کلامی باتوں سے نہیں ہوتی بلکہ اس کیلئے نواز شریف، شہباز شریف جیسی قائدانہ -صلاحیت اور عوامی خدمت کا جذبہ ہونا چاہیے۔انہوںنے شاندار استقبال پر سمندری کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ چوہدری شریف گجر لاہور سے مسلم لیگ(ن) کا قومی اسمبلی کا ٹکٹ لے کر سمندری آرہے تھے کہ راستہ میں ایک حادثے نے انہیں ہم سے جدا کر دیا لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ان کے بیٹوں نے ان کی عوامی خد مت کا سفر جاری رکھا جس پر آج چوہدری شریف گجر مرحوم کی روح بھی خوش ہو گی۔

انہوںنے توقع ظاہر کی کہ عوام آئندہ عام انتخا بات میں ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کو بھر پور مینڈیٹ دیں گے تاکہ عوامی خدمت کا تسلسل اور ملکی ترقی کے منصوبوں کو جاری و ساری رکھا جا سکے۔ ا س موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز ، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چوہدری ، وزیر مملکت برائے ٹیکسٹائل حاجی اکرم انصاری ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات چوہدری شہباز بابر گجر بھی موجود تھے۔