وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کیلئے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے تشدد کے حالیہ واقعات کی مذمت کی جن کے نتیجہ میں 20 بیگناہ شہری شہید اور بیگناہ مردوں، خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد شدید زخمی ہوئے، کمیٹی نے بھارتی بربریت اور تمام انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے والے کشمیری عوام کے غیر معمولی حوصلے اور دلیری کی تعریف

بدھ 4 اپریل 2018 23:20

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس، ..
اسلام آباد ۔4 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2018ء) قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کیلئے عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بربریت کا معاملہ دوطرفہ اور کثیر الطرفہ فورمز پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم ہائوس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر خزانہ، ریونیو و اقتصادی امور مفتاح اسماعیل، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کمیٹی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے تشدد کے حالیہ واقعات کی مذمت کی جن کے نتیجہ میں 20 بیگناہ شہری شہید اور بیگناہ مردوں، خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ بیگناہ مظاہرین اور جنازوں پر قابض فوج کی طرف سے پیلٹ گنز کے غیر انسانی اور اندھا دھند استعمال کے نتیجہ میں بھی سینکڑوں کشمیری زخمی ہوئے ہیں اور درجنوں بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔

قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی بربریت اور کشمیریوں کے تمام انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں کا مقابلہ کرنے والے کشمیری عوام کے غیر معمولی حوصلے اور دلیری کی تعریف کی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ اس خالصتاً اندرونی جدوجہد نے ایک مرتبہ پھر بھارتی حکومت کے پروپیگنڈے کو جھوٹ ثابت کر دیا ہے۔ کمیٹی نے حق خود ارادیت کیلئے جائز اور منصفانہ جدوجہد میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا جس کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ قراردادوں میں بھی وعدہ کیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وسیع تر علاقائی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔