ترقی پسند اور استحصال سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے شعوری سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

بدھ 4 اپریل 2018 22:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء) بلوچستان صوبائی اسمبلی میں نیشنل پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ پارٹی اداروں کی فعالیت ،کارکنوں کی بالادستی ،پالیسی سازی ،اجتماعی فیصلے اور قیادت ،وطنی سیاسی تسلسل وپس منظر ،سیاسی اکابرین کی قربانیاں ،بلوچ سیاسی جمہوری ومعاشی سوال ،وطنی حق حاکمیت واختیار پر واضح موقف کے بدولت نیشنل پارٹی ہمہ گیر سیاسی جماعت کی صورت اختیار کرچکی ہے ،نئی حلقہ بندیوں میں تحفظا ت ہیں اور ان بے ضابطگیوں کیخلاف اعتراضات الیکشن کمیشن میں پارٹی نے دائر کردی ہے ،آئین وقانون کی بالا دستی ،جمہوریت کے فروغ ،اداروں میں ہم آہنگی اور قومی اختیار نیشنل پارٹی کی جدوجہد کا محور رہاہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کی مرکزی سیکرٹریٹ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ کے کواڈینیٹر علی احمد لانگو سمیت دیگر سینئر اراکین بھی موجود تھے ،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہاکہ ترقی پسند اور استحصال سے پاک سماج کی تشکیل کیلئے شعوری سیاسی جماعتوں کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگااور سیاسی کارکنوں کو ایسے سماج کیلئے ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی پسماندہ سوچ کو تبدیل کرتے ہوئے مثبت سوچ کی طرف آگے لانا ہوگا ،انہوں نے کہاکہ موجودہ نئی حلقہ بندیوںمیں مختلف علاقوں میں بے ضابطگیاں نظر آئی ہے اور نیشنل پارٹی نے ان حلقوں میں اعتراضا ت مرتب کرکے الیکشن کمیشن میں جمع کردی ہیں ،نیشنل پارٹی ایسے حلقوں کی دوبارہ حلقہ بندی کرنے کو تجویز کرتی ہے ،کیونکہ ان بے ضابطگیوں کی وجہ سے عوام کئی علاقوں میں ووٹ کے حق سے محروم رہ سکتے ہیں ،جو کہ انکی رائے دہی کی حق کو نقصان پہنچا نے کے مترادف ہے ،انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں ہم خیال اور عوامی شعوری وسیاسی جماعتوں کیساتھ اتحاد ممکن ہے ،بات چیت اور اتحاد سیاسی عمل کا حصہ ہے ،انہوں نے نیشنل پارٹی کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ انتخابات کی تیاری کریں اور عوام کو منظم کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے آئین ومنشور کے تلے جمع کریں اور ساتھ ہی عوام کو ووٹ کے اندراج کے عمل میں انکی مدد کریں اور انکے ووٹ کے حق کو یقینی بنائے ۔