رمیش کمار کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کا اجلاس،

مینوفیکچرنگ انڈسٹریز سندھ میں مردم شماری میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار مردم شماری کیلئے ٹرم آف ریفرنسز تیزی سے تیار کئے جائیں، کمیٹی کی صوبائی بورڈ برائے شماریات کو ہدایت

بدھ 4 اپریل 2018 19:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے شماریات نے مینوفیکچرنگ انڈسٹریز سندھ میں مردم شماری میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی بورڈ برائے شماریات کو تیزی سے مردم شماری کیلئے ٹرم آف ریفرنسز تیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو چیئرمین رمیش کمار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک صرف تقسیم شدہ 24فیصد فارمز موصول ہوچکے ہیں جو کہ ناکافی ہیں ۔کراچی کی چھ اور حیدر آبادکے ایک ضلع سمیت 7ضلعوں سے فارمز موصول ہوچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صنعت سندھ نے اس موقع پر کمیٹی کو سروے فارمز کو سادہ اور مختصر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے آن لائن سروے کرانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈی جی شماریات سندھ نے کمیٹی کو بتایا کہ بورڈ نے سروے کو تیز کرانے کیلئے کاروباری تنظیموں اور نمائندوں سے پہلے ہی مشاورت مکمل کر لی ہے ۔

کمیٹی نے صوبائی بورڈ کو ہدایت کہ وہ مردم شماری مکمل کرنے کیلئے مقررہ مدت کے اندر اندر ٹی او آر تیار کرے ۔کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ محکمہ شماریات کا منصوبہ بندی میں اہم کردار ہے اور پالیسی سازوں کے پاس جب تک صیحح اعداد و شمار نہ ہوں اس وقت تک وہ منصوبے اور سٹریٹجی نہیں بنا سکتے ۔