سندھ گیمز میں سائیکلنگ چیمپئن شپ ریس 22 اپریل کو ہو گی، ملک کلیم احمد اعوان

بدھ 4 اپریل 2018 17:27

سندھ گیمز میں سائیکلنگ چیمپئن شپ ریس 22 اپریل کو ہو گی، ملک کلیم احمد ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2018ء) سندھ گیمز میں سائیکلنگ چیمپئن شپ ریس 22 اپریل بروز اتوار کو ہو گی۔ یہ بات کراچی/ سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عابد علی ایڈووکیٹ اور جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے خصوصی بریفنگ میں بتائی۔ عابد علی ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اس ایونٹ کو تاریخی، یادگار اور خوبصورت بنانے کیلئے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کی طرز پر انتظامات کئے جا رہے ہیں، 60 کلومیٹر طویل سائیکل ریس مزار قائد سے شروع ہو گی اور براستہ شاہراہ قائدین، نرسری، شاہراہ فیصل، عوامی مرکز، کارساز، ڈرگ روڈ، ملیر، لانڈھی، بھینس کالونی، نیشنل ہائی وے اور رزاق آباد سے ہوتی ہوئی اسٹیل ٹاؤن کے مین گیٹ سے واپس ہوکر مزار قائد کے نمائش چورنگی والے گیٹ پر اختتام پذیر ہو گی۔

(جاری ہے)

کلیم اعوان نے بتایا کہ سندھ کے چھ ڈویژن کراچی، حیدر آباد، میرپورخاص، نوابشاہ، لاڑکانہ اور سکھر کے 36 تیز رفتار ترین سائیکلسٹ اس ریس میں حصہ لیں گے جن کی سلیکشن گذشہ دنوں متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے زیر اہتمام ٹرائلز میں ہو چکی ہے اور یہ سائیکلسٹ اپنی تمام تر تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کلیم اعوان نے امید ظاہر کی کہ یہ ریس اپنے انداز کی جدید ترین ریسوں میں شامل ہوگی اور سائیکلسٹ اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ واضح رہے کہ کلیم اعوان تمام منتخب سائیکلسٹوں کی رپورٹ سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی، کمشنر کراچی اعجاز خان اور ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی کو دے چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :