پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی،مشیر برائے قومی سلامتی کے دورہ کابل کے تناظر میں پاک افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت، سیکورٹی اور خطے میں استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال

منگل 3 اپریل 2018 23:18

پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی وزیراعظم کے مشیر برائے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے منگل کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی اور مشیر برائے قومی سلامتی کے دورہ کابل کے تناظر میں پاک افغان تعلقات میں حالیہ پیشرفت، سیکورٹی اور خطے میں استحکام کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے ناصر جنجوعہ کو کامیاب دورہ کابل پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ اس دورے سے دوطرفہ رابطوں کو فروغ ملے گا۔ ناصر خان جنجوعہ نے افغانستان کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا اور اسے تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کی طرف سے امن کی پیشکش کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ تمام متعلقہ فریقین کو افغانستان میں امن کیلئے اس پیشکش کے حوالے سے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کو سیاسی، سفارتی، فوجی، انٹیلی جنس اور عوام کی سطح پر تعاون کو مربوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ تھامس ڈریو نے کہا کہ برطانیہ خطے میں استحکام اور افغانستان میں امن عمل میں سہولت دینے کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ ملاقات کے دوران انہوں نے افغانستان اور خطے میں امن کا مشترکہ مقصد حاصل کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔