خواہش ہے کہ بلوچستان پاکستان کے دوسرے صوبوں سے بھی زیادہ ترقی کرے، مستقبل قریب میں اس صوبے کے عوام بہت آگے جائیں گے، صدر مملکت ممنون حسین کا بلوچستان کابینہ اور اراکین اسمبلی سے خطاب

منگل 3 اپریل 2018 23:17

خواہش ہے کہ بلوچستان پاکستان کے دوسرے صوبوں سے بھی زیادہ ترقی کرے، ..
کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ بلوچستان پاکستان کے دیگر صوبوں سے بھی زیادہ ترقی کرے، مستقبل قریب میں اس صوبے کے عوام بہت آگے جائیں گے۔ صدر مملکت نے یہ بات منگل کو گورنر ہاوس میں بلوچستان کابینہ اور اراکین اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، وزیر اعلی عبدالقدوس بزنجو، کابینہ کے اراکین دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں نئے شہر آباد کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئے شہر بسانے کا مقصد عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد تک سہولتیں پہنچانا ہونا چاہئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک بلوچستان کیلئے سنہری موقع ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کرکے بلوچستان کے نوجوان سی پیک میں نمایاں مقام حاصل کرسکتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ بہت سے دوسرے ممالک سی پیک میں شرکت کے خواہشمند ہیں جس سے اس کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدامنی میں غیر ملکی طاقتوں کا بڑا ہاتھ تھا لیکن صوبے کے بہادر عوام کے سامنے تمام سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔