نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں ،انہیں تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ،

حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے، سی پیک کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کا نیادور شروع ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

منگل 3 اپریل 2018 22:46

نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں ،انہیں تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہیں تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاکر طلباء وطالبات کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ سی پیک کی تکمیل سے صوبے میں ترقی کا نیادور شروع ہوگا۔

اگر ہمارے نوجوان حصول تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز رکھیں تو سی پیک کے منصوبوں میں انسانی وسائل اور تکنیکی ماہرین کی کمی کو دور کیا جاسکتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کے روز تعلیم کی غرض سے چین جانے والے طلباء وطالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر تعلیم طاہر محمود، صوبائی مشیر خوراک میر ضیاء لانگو اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن عبداللہ جان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان کی مالی معاونت سے صوبے کے مختلف اضلاع سے 24طلباء وطالبات دوسال انٹر پریٹر اور چائینیز پروفیشنل کے کورسز کے لئے چین روانہ ہورہے ہیں۔ دوسالہ کورس کے دوران ہر طالب علم پر 1.8ملین روپے خرچہ آئے گا اور ان 24طلباء وطالبات کو حکومت ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کرے گی۔ ان 24طلباء وطالبات کو مکمل میرٹ، شفاف ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد منتخب کیا گیا ہے۔

طلباء وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیںانتہائی مسرت محسوس ہورہی ہے کہ آج ہمارے بچے کورسزکے لئے چین جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں صوبے میں سی پیک کی شکل میں بے شمار ترقیاتی منصوبے شروع ہورہے ہیں اور اس سلسلے میں چین سے بھی لوگ یہاں آرہے ہیں۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے نوجوان چینی زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ دیگر تکنیکی تعلیم کے حصول میں دن رات محنت کریں تاکہ ہمیں اپنے منصوبوں میں انسانی وسائل کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خواہش ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں ترقی لائے اور نوجوانوں کے لئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے مواقع فراہم کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے نوجوان دل لگاکر تعلیم حاصل کریں اور صوبے اور ملک کا نام روشن کریں۔ وزیراعلیٰ نے چین جانے والے طلباء وطالبات کے یقین دلایا کہ حکومت ان کی سرپرستی اور معاونت کورسز کی تکمیل تک جاری رکھے گی۔ وزیراعلیٰ نے چین جانے والے طلباء وطالبات کے لئے فوری لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر طلباء وطالبات نے اپنے تاثرات بھی بیان کئے۔