پرویز مشرف نے متحدہ لیگ کے نام سے نئی سیاسی جماعت رجسٹر کروالی

نئی جماعت ڈاکٹر امجد کی بیوی تہمینہ امجد کے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ کروائی گئی ، انتخابی نشان فائنل نہیں کیا گیا

منگل 3 اپریل 2018 22:46

پرویز مشرف نے متحدہ لیگ کے نام سے نئی سیاسی جماعت رجسٹر کروالی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2018ء) سابق صدر پرویز مشرف نے آئندہ الیکشن کے پیش نظر چھوٹی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے متحدہ لیگ کے نام سے نئی سیاسی جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹر کروا لی ۔ذرائع کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے قریبی دوست اور آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر ڈاکٹر امجد کی بیوی تہمینہ امجد کے نام سے الیکشن کمیشن میں متحدہ لیگ کے نام سے پارٹی رجسٹر کروائی ہے تاہم پارٹی کا انتخابی نشان ابھی تک فائنل نہیں کیا گیا ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پیر پگاڑا ،ارباب غلام رحیم ،صاحبزادہ حامد رضا اور چوہدری شجاعت حسین نے آل پاکستان مسلم لیگ کی چھتری تلے الیکشن میں حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا جسکے بعد سابق صدر نے اپنے قریبی دوست ڈاکٹر امجد کے مشورے سے الیکشن کمیشن میں نئی سیاسی جماعت رجسٹر کروائی ہے تاکہ تمام لیگی دھڑوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے آئندہ الیکشن میں حصہ لیا جائے ۔ذرائع نے بتایا کہ اسی ہفتے سابق صدر اپنے اپنے قریبی رفقا سے مشاورت کے بعدحتمی شکل دیں گے جبکہ پارٹی منشور کا اعلان سابق صدر وطن واپسی کے موقع پر خود کریں گے ۔۔۔۔۔۔