حافظ محمد سعید کا مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ 6اپریل کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان

منگل 3 اپریل 2018 22:00

حافظ محمد سعید کا مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ 6اپریل کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ نما زجمعہ کے بعد چاروں صوبوں و آزادکشمیر میں بڑے احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ انہوں نے علماء کرام اور دینی جماعتوں کے قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ خطبات جمعہ میں بھارتی ظلم و بربریت اور نہتے مسلمانوں کی نسل کشی کو موضوع بنائیں اورمودی سرکار کی ریاستی دہشت گردی سے پوری دنیاکو آگاہ کیا جائے۔

احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں قومی سیاسی، مذہبی و کشمیری قیادت کو بھی شریک کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاہے کہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری پر پاکستانی قوم کے بھی وہی جذبات ہیں جو کشمیریوں کے ہیں۔

(جاری ہے)

بانی پاکستان محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔کشمیر یوں سے ہمارا رشتہ کلمہ طیبہ اور ایمان کا ہے۔ کشمیری اور پاکستانی مسلمانوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔

شہداء کی قربانیاں جلد ان شاء اللہ رنگ لائیں گی‘ مظلوم کشمیریوں کو آٹھ لاکھ غاصب فوج کے مظالم سے نجات ملے گی اور کشمیری عوام آزادی کی فضا میں سانس لے سکیں گے۔ انہوںنے کہاکہ جب سے انڈیا میں ہندو انتہاپسند تنظیم بی جے پی کی حکومت آئی ہے کشمیر میں دہشت گردی اور قتل و غارت گری کا سلسلہ بہت بڑھ گیا ہے۔ بھارت سرکارکی سرپرستی میں نہتے کشمیریوں کو خون بہایا جارہا ہے اور اسرائیل سے درآمد کردہ کیمیائی ہتھیار استعمال کر کے بدترین دہشت گردی کا ارتکاب کیاجارہا ہے۔

حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ سفارتی سطح پر بھارتی ظلم و دہشت گردی کو بے نقاب کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائے اور دنیا بھر میں اپنے سفارت خانوں کو متحرک کر کے انڈیا کا بھیانک چہرہ واضح کیا جائے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارتی فوج کی طرف سے جاری قتل و غارت گری کیخلاف پوری کشمیری قوم سڑکوں پر ہے۔ تاریخی ہڑتالوں اور احتجاج نے ثابت کیا ہے کہ کشمیر میں بسنے والے کوئی فرد بھی دہشت گرد بھارت کا غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔

کشمیری عوام پاکستانی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں تو ہمیں بھی آج پاکستان میں وہی ماحول پیدا کرنا ہے جو کشمیر میں ہے۔ ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو کسی طور تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے پورے ملک میں ضلعی سطح پر پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں۔ نماز جمعہ کے بعد ہر شہر اور علاقے میں مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

مظاہروں اور ریلیوں سے ملک بھر کی مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل و غارت گری کیخلاف منگل کے دن بھی کراچی، ساہیوال، بورے والا اور دیگر مختلف شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :