دہشتگردوں نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اقلیتی شہریوں کو نشانہ بنایا، گرفتار کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں‘خرم نواز گنڈاپور

وزیراعلیٰ نے پنجاب کے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت نہ کر کے بے حسی کا مظاہرہ کیا،آرمی چیف کی طرف سے امجد صابری کے قاتل کو پھانسی دینے کی توثیق خوش آئند ہے‘سیکرٹری جنرل عوامی تحریک

منگل 3 اپریل 2018 18:19

دہشتگردوں نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اقلیتی شہریوں کو ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے مسیحی برادری کے 4 پاکستانی شہریوں کے ساتھ بلوچستان میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، دہشتگردوں نے دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے اقلیتی شہریوں کو نشانہ بنایا، واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے اور انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں۔

وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ مشاورتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ،رفیق نجم،علامہ سید فرحت حسین شاہ، نوراللہ صدیقی، عدنان جاوید، قاسم اعوان، حافظ غلام فرید، طیب ضیاء و دیگر رہنما شریک تھے۔

(جاری ہے)

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ واقعہ کے بعد پنجاب حکومت بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب کا رویہ سفاکیت پر مبنی ہے، انہیں مسیحی شہریوں کے ساتھ پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ پر مذمت کی توفیق ہوئی نہ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی، شہباز حکومت نے صوبہ کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر موقع پر مجرمانہ سوچ اور غفلت کا مظاہرہ کیا۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلوچستان بین الاقوامی ترقیاتی منصوبوں اور سرگرمیوں کا مرکز ہے جس کی وجہ سے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے عوام اور مزدور بلوچستان کا رخ کررہے ہیں، شہریوں کی حفاظت کیلئے وفاقی اور صوبائی ادارے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کریں، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کا پرامن اور محفوظ ہونا ناگزیر ہے۔

ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے ایک قرارداد کے ذریعے کشمیر میں جاری ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ بھارتی افواج کے ظلم کا نوٹس لے اور مقبوضہ وادی میں اقوام متحدہ انسانی حقوق مشن بھیجے جو دنیا کے سامنے انسانی حقوق کی پامالی کے اصل حقائق پیش کرے، اجلاس میں آرمی چیف کی طرف سے عالمی شہرت یافتہ صوفی قوال امجد صابری کے قاتل سمیت دہشتگردی میں ملوث مجرموں کی سزائے موت کی توثیق پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ امجد صابری کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا تھا اس کے قاتلوں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے اور سرعام پھانسی دی جائے۔

خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دہشتگردی کے سنگین واقعات میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو عبرتناک انجام سے دو چار کرنے کیلئے فوجی عدالتوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے بعد دہشتگردوں اور ان کے ہمدردوں کو یہ پیغام ملا کہ بے گناہ کی جان لینے والے اب عبرتناک انجام سے کسی صورت نہیں بچ پائیں گے۔