ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان نے مسلسل ساتویں سیریز اپنے نام کر لی

بابراعظم 3 رنز کے فرق سے سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی پلیئرنہ بن پائے

منگل 3 اپریل 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مسلسل ساتویں سیریز اپنے نام کر لی ہے۔عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں سرفہرست پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف مسلسل دوسرے میچ میں فتح سے سیریز بھی 2-0 سے اپنے نام کر لی، گرین شرٹس کی یہ مسلسل ساتویں سیریز کامیابی ثابت ہوئی، ٹیم نے گذشتہ روز صرف 3وکٹ پر 205 رنز بناتے ہوئے اپنی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ پایا۔

قبل ازیں 2008 میں نیشنل اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کیخلاف 5 وکٹ پر 203 رنز بنائے تھے، اتوار کو ویسٹ انڈیز سے سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس نے یہ ریکارڈ برابر کیا جو دوسرے مقابلے میں مزید بہتر کر لیا، مجموعی طور پر پاکستان نے چوتھی بار ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 180 سے زائد رنز بنائے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم مختصر فارمیٹ میں سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین کا اعزاز پانے سے 3 رنز کے فاصلے پر رہ گئے، البتہ وہ تیسری بڑی انفرادی اننگز کھیلنے میں ضرور کامیاب ہوئے،احمد شہزاد بنگلادیش کے خلاف ناقابل شکست 111 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

2014 میں پاکستان کی جانب سے واحد سنچری بنانے والے اوپنر نے اس سے ایک سال قبل زمبابوے کے خلاف ناٹ آئوٹ98 رنز بنائے تھے، بابر اعظم ناقابل شکست 97 رنز کے ساتھ تیسرے، عمر اکمل 2014 میں آسٹریلیا کیخلاف 94 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر ہیں جب کہ گذشتہ سال ورلڈ الیون کیخلاف احمد شہزاد نی89 کی اننگز کھیلی تھی۔

متعلقہ عنوان :