برکت مارکیٹ میں بیکری میں آگ لگ گئی‘5افراد ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 3 اپریل 2018 14:07

برکت مارکیٹ میں بیکری میں آگ لگ گئی‘5افراد ہلاک
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03اپریل۔2018ء) لاہور کے علاقے برکت مارکیٹ میں واقع ایک بیکری میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق ہوگئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر آگ لگنے کی جگہ پہنچ گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بیکری میں آگ لگنے کے باعث دھواں بھر گیا جس کے نتیجے میں اندر موجود 5 افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیوذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ آگ پر قابو پا لیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں کمرےکادروازہ توڑ کرنکالی گئیں‘جاں بحق افراد کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔جاں بحق ہونے والوں میں سے دو افراد کی شناخت شکیل اور طبیب کے نام سے ہوئی ہے۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بیکری میں آتشزدگی کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ واقعے کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بیکری میں آتشزدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔ادھر پولیس نے برکت مارکیٹ میں آتشزدگی کا شکار ہونے والے پلازہ کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے، حراست میں لئے گئے شخص کا نام علیم خان معلوم ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں برکت مارکیٹ کے آتشزدگی کا شکار ہونے والے پلازہ میں پھنسے افراد کو باہر آنے کا راستہ نہیں مل سکا تھا۔پولیس کے مطابق پلازہ میں نہ ہی فائر الارم تھا جبکہ باہر نکلنے کے لیے کوئی ایمرجنسی راستہ بھی نہیں تھا، عمارت میں دھواں بھر جانے کے باعث وہاں موجود بدنصیب افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :