Live Updates

عمران خان نے فوزیہ قصوری کیلئے پارٹی کے دروازے بند کرنے کا عندیہ دیدیا

حالیہ دنوں میں فوزیہ قصوری نے پارٹی مخالف جو سر گرمیاں کی ہیں وہ کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں یہ وقت بھی تھا جب پولیس نے پوری پی ٹی آئی کو ایک وین میں بند کر دیا تھا،نظریات پر کھڑے رہنے کی قیمت ادا کی ہے ‘ انٹر ویو

منگل 3 اپریل 2018 13:19

عمران خان نے فوزیہ قصوری کیلئے پارٹی کے دروازے بند کرنے کا عندیہ دیدیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے فوزیہ قصوری کیلئے پارٹی کے دروازے بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ دنوں میں فوزیہ قصوری نے پارٹی مخالف جو سر گرمیاں کی ہیں وہ کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں ،کیا کسی پارٹی میں پارلیمانی بورڈ کو ایسے دھمکایا جاتا ہے کہ اگر مجھے مخصوص نشستوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر نہ رکھا گیا تو گھیرائو جلائو کیا جائے گا ،پی ٹی آئی نظریات کی بنیاد پر کھڑی ہے اور ہم نے اس کی قیمت بھی ادا کی ہے ۔

ایک انٹر ویو میں عمران خان نے کہا کہ ایک وقت وہ بھی تھا کہ جب ہم نے 2006-07ء میں احتجاج کیا تو پولیس نے پوری تحریک انصاف کو ایک وین میں بند کر دیا تھا لیکن میں نے اپنی جدوجہد جاری رکھی ،ہم شروع دن سے جیتنے والے امیدواروں کو ساتھ ملانے کیلئے کوشاں تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اصل میں ایسا ہوا کہ انٹر اپارٹی انتخابات کے دوران پارٹی کے الیکشن کمیشن نے فوزیہ قصوری کو دوہری شہریت کی وجہ سے انتخاب میں حصہ لینے سے روک دیا اور فوزیہ قصوری یہ امید لگائے بیٹھی تھیں کہ شاید میں مداخلت کروںگا ۔

جب میں اپنی پارٹی کو ادارہ بنا رہا ہوں پھر میں کیسے اپنے الیکشن کمیشن کو کوئی ہدایت دے سکتا ہوں۔ انہیں عام انتخابات میں مخصوص نشستوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رکھا گیا لیکن یہ نہ آ سکیں اور انہوں نے اس وقت بھی پارٹی کو نقصان پہنچایا ۔ تین سال پہلے سینیٹ انتخابات میں انہوں نے خیبر پختوانخواہ سے درخواست دیدی اور وہاں کے اراکین اسمبلی نے واضح کہا کہ اگر باہر سے کسی خاتون کو ٹکٹ دیا گیا تو ہم انتخاب میں ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوںنے کہا کہ فوزیہ قصوری زیادہ وقت امریکہ میں گزارتی ہیں ، اب کہہ رہی ہیں کہ اگر مجھے مخصوص نشستوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر نہ رکھا گیا تو میں (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کر لوں گی ۔ کیا کسی پارٹی میں ایسا ہوتا ہے ۔دھرنے کے دنوں میں ہماری خواتین نے بے پناہ قربانیاںدیں لیکن فوزیہ قصوری کہیںنظر نہیں آئیں،اسی طرح لاک ڈائون کے دوران خواتین نے آنسو گیس کی شیلنگ برداشت کی لیکن فوزیہ قصوری کہیں نہیں تھیں ۔

وہ جو باتیں کر رہی ہیں ایسا لگتا ہے کہ ان کے (ن) لیگ سے مذاکرات چل رہے ہیں ۔ انہوںنے فوزیہ قصوری سے بات کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ جس طرح انہوں نے پارٹی مخالف سر گرمیاں کی ہیں ،آرٹیکلز لکھے ہیں اور پارلیمانی بورڈ کو دھمکیاںدی ہیں انہوںنے تو خود اپنے لئے دروازے بند کر لئے ہیںاور وہ اب کس منہ سے تحریک انصاف میں آئیں گی ۔اگر وہ پارٹی سے وابستگی رکھنا چاہتیں تو کبھی بھی ٹی وی پر جا کر ہمارے سیاسی مخالفین کی طرح بیانات نہ دیتیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات