آزادی مانگنا کوئی جُرم نہیں‘ کشمیری اور فلسطینی عوام کو آزادی کا حق دیے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی‘ چوہدری پرویز اشرف

پیر 2 اپریل 2018 18:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 اپریل2018ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء چوہدری پرویز اشرف نے بھارتی افواج کی جارحیت اور درندگی کے باعث17کشمیری نوجوانوں کے شہادت کے واقعہ پر گہرے دُکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزادی مانگنا کوئی جُرم نہیں کشمیری اور فلسطینی عوام کو آزادی کا حق دیے بغیر امن کی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں مضمر ہے، مسئلہ کشمیر کو طاقت کے ذریعے نہیں بلکہ سیاسی طریقہ سے حل کیا جائے۔ مقبوضہ جموں کشمیرمیں بے گناہ کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے،آزادی کیلئے پرامن جدوجہد کرنیوالوں کو شہید کیا جارہا ہے، ہزاروں بے گناہ کشمیری بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔ اقوام متحدہ سنجیدگی سے اس مسئلے کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بامعنی مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے، پاکستان اور ہندوستان مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل کیلئے بامعنی مذاکرات شروع کریں اور کشمیری حقیقی لیڈر شپ کو شامل کر کے اس مسئلے کو حل کیا جائے،اقوام متحدہ کی قراداد جو کشمیریوں کی بنیادی حق ہے کشمیریوں کی مرضی اور منشا کے مطابق انہیں پیدائشی حق ملنا چاہیے، جموں کشمیر کے عوام مسئلہ کشمیر کے بنیادی اور اہم فریق ہیں۔ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں سلگتی چنگاری ہے جسے پرامن طریقہ سے حل کیا جائے۔