بلوچستان میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا‘لسبیلہ میں درجہ حرارت44ڈگری تک جا پہنچا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 اپریل 2018 13:32

بلوچستان میں گرمی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا‘لسبیلہ میں درجہ حرارت44ڈگری تک ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02اپریل۔2018ء) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پڑنےوالی گرمی کا کئی سال کاریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔29مارچ کے دن بلوچستان کے 3علاقوں لسبیلہ، تربت اور نوکنڈی میں گرم ترین رہا، لسبیلہ میں گرمی کا 34اور تربت اورنوکنڈی میں گرمی کا8،8سال کاریکارڈ ٹوٹا اور ان علاقوں میں زیادہ سےزیادہ گرمی کے نئے ریکارڈ قائم ہوگئے۔

بلوچستان کے مختلف میدانی علاقے آج کل شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں،لسبیلہ، تربت اور نوکنڈی وہ علاقے ہیں جہاں مارچ شدید گرم رہا۔محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ ماہ مارچ میں مختلف علاقوں میں پڑنے والی گرمی کے کئی سال کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔29مارچ 2018ءکو بلوچستان کے تین علاقوں میں سب سے زیادہ ریکارڈ گرمی پڑی۔

(جاری ہے)

مارچ کے دوران لسبیلہ میں گرمی کا34اورتربت اور نوکنڈی میں 8،8سالہ ریکارڈ ٹوٹا ، لسبیلہ میں 29مارچ کوزیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اس سے قبل لسبیلہ میں سب سے زیادہ گرمی 30مارچ 1984ءکو پڑی تھی،اس دن 34سال قبل لسبیلہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔اسی طرح تربت میں گرمی کا 8سال کا ریکارڈ ٹوٹا، 29مارچ 2018کوتربت میں پارہ 44اعشاریہ 5ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیاتھا ، اس سے قبل تربت میں 16مارچ 2010ءکو سب سے زیادہ گرمی پڑی تھی، محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق 16مارچ 2010ءکو تربت میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔

صوبے کے ایک اورعلاقے نوکنڈی میں بھی گزشتہ ماہ زیادہ سے زیادہ گرمی کا 8سالہ ریکارڈ ٹوٹا، نوکنڈی میں 29مارچ 2018ءکو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری تک پہنچ گیا تھا جبکہ اس سے قبل نوکنڈی میں 18مارچ 2010ءکو درجہ حرارت 38اعشاریہ 6ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔محکمہ موسمیات نے رواں موسم گرما کے دوران صوبے کے بیشترعلاقوں میں عمومی طور پر گرمی کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :