مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے خلاف بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ان کی قابض افواج کا ظلم و بربریت قابل مذمت ہے،

مظلوم کشمیریوں کا خون ناحق بہا کر بھارت ان کے حق خود ارادیت کی منصفانہ تحریک کو دبا نہیں سکتا، بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے عزم سے ہار چکی ہیں، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب

پیر 2 اپریل 2018 13:38

مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے خلاف بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2018ء) وزیر مملکت اطلاعات، نشریات، قومی تاریخ و ادبی ورثہ مریم اورنگزیب نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کے خلاف بدترین بھارتی ریاستی دہشت گردی اور ان کی قابض افواج کے ظلم و بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مظلوم کشمیریوں کا خون ناحق بہا کر بھارت ان کے حق خود ارادیت کی منصفانہ تحریک کو دبا نہیں سکتا، بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کے عزم سے ہار چکی ہے، پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اپنے بیان میں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ کشمیریوں کا بہتا خون عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہے۔مظلوم کشمیری سوال پوچھ رہے ہیں کہ عالمی برادری بھارتی مظالم پر خاموش کیوں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کی شمع شہداء کے خون سے روشن ہے، ان کی قربانیوں نے حریت کا ایک نیا باب رقم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں اور بچوں نے عظیم قربانیاں دے کر آزادی کی تاریخ میں حوصلے، صبر اور استقامت کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔

وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی جدوجہد اور ان کے عظیم جذبے کو سلام پیش کرتا ہے۔ پوری قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک چٹان بن کر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے اقدامات کرے، جس کا اس نے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ وعدہ کر رکھا ہے۔