بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی؛ مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد 17 ہوگئی ،ْ سو سے زائد زخمی ، کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت کا دوروزہ ہڑتال کا اعلان ،ْ انٹر نیٹ اور ٹرین سروس معطل ، پاکستان کی بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا وحشیانہ اور اندھا دھند استعمال کر کے نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت

اتوار 1 اپریل 2018 22:40

بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی؛ مقبوضہ کشمیر میں شہدا کی تعداد 17 ..
سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر 17 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فورسز نے اسلام آباد اور شوپیاں کے اضلاع میں سرچ آپریشن کے نام پر بربریت کا مظاہرہ کیا اور فائرنگ کے نتیجے میں 16 کشمیری نوجوان شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور کشمیری نوجوان اقبال بھٹ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جس کے بعد شہدا کی تعداد 17 ہوگئی۔ڈائریکٹر جنرل پولیس ایس پی وید نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی کشمیری اضلاع میں بھارتی سیکیورٹی فورسز سے مقابلے کے 2 مختلف واقعات میں 12 نوجوان ہلاک ہوئے جن میں ایک کمانڈر بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران بھارتی فورسز کے 3اہلکاروں کے زخمی ہونے کا بھی دعوی کیا گیا ہے جبکہ علاقے میں انٹرنیٹ اور ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب کشمیری نوجوانوں کے قتل پر حریت قیادت نے 2 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے جب کہ کشمیر یونیورسٹی کے طالبعلموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے بھی لگائے۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھی اپنی ٹوئٹ میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر غم و غصے کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ آخر کب تک اپنا پیدائشی حق مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو چن چن کر مارا جائے گا اور دنیا خاموشی سے دیکھتے رہے گی۔

انہوںنے کہاکہ جنوبی کشمیر میں بھارتی افواج نے ایک بار پھر خون کی ہولی کھیلی اور 17 نوجوانوں کو شہید کردیا ، جن میں سے 12 کا تعلق شوپیاں ضلع سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آخر کب تک اپنا پیدائشی حق مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو چن چن کر مارا جائے گا اور دنیا خاموشی سے دیکھتے رہے گی۔ ادھرپاکستان نے بھارتی قابض فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا وحشیانہ اور اندھا دھند استعمال کر کے نوجوانوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔

اتوار کو دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے بنیادی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر اور منظم خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ترجمان نے عالمی برادری پر مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق منصفانہ اور پائیدار حل میں بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بے دریغ قتل عام سے کشمیریوں کے خلاف کئی دہائیوں سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا بھیانک چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان ن یکہا کہ بے گناہ کشمیریوں کیخلاف ظالمانہ کارروائیاںخصوصاً مظاہرین پر پیلٹ گن کے استعمال اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کی بھی اطلاعات ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بار بار کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزور کرنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کو جان بوجھ کر اور منظم انداز میں نشانہ بنا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض فوجیوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کا جذبہ مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی اپنی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی کے طور پر پیش کرنے کا مذموم پروپیگنڈہ عالمی برادری کو گمراہ نہیں کرسکتا۔