بلاول بھٹو زرداری کے حیدرآباد کے دورے کے دوران ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر ایس ایچ اوز سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو سزا

اتوار 1 اپریل 2018 22:00

بلاول بھٹو زرداری کے حیدرآباد کے دورے کے دوران ڈیوٹی میں غفلت برتنے ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2018ء) ایس ایس پی حیدرآباد سید پیر محمد شاہ نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حیدرآباد کے دورے کے دوران سیکورٹی ڈیوٹی میں غفلت برتنے پر ایس ایچ اوز سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو سزا دی ہے جبکہ 6 کو معطل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اتوار کو قاسم چوک پر ایک ہال میں عیسائیوں کے ایسٹر پروگرام میں شریک ہوئے اور پھر کامریڈ جام ساقی مرحوم کے گھر تعزیت کے لئے گئے، اس دوران ان کے قافلے کے لئے سیکورٹی پر مامور پولیس افسران اور اہلکاروں کی طرف سے سیکورٹی اور ٹریفک کنٹرول میں مبینہ طور پر غفلت برتی گئی جس سے قافلے کی نقل و حرکت میں تین مقامات پر خلل پیدا ہوا جس پر ایس ایس پی حیدرآباد سید پیرمحمد شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے برق رفتاری سے تادیبی کاروائی کرتے ہوئے 4 ایس ایچ اوز اور 2 سیکشن افسران کے خلاف کاروائی کی ہے جن میں ایس ایچ او پنیاری ، ایس ایچ او پبن، ایس ایچ او ہٹڑی اور ایس ایچ او قاسم آباد کی ایک سال کی سروس ضبط کی گئی ہے جبکہ قاسم آباد اور قاسم چوک کے سیکشن افسران کی 2 سال کی سروس ضبط کی گئی ہے۔