سیاست ایک اختلافی مضمون بن چکا ہے،سیاست میں جو آگیا ہے میں نہیں چاہتا یہ سیاسی کرواہٹ آپ تک پہنچے، خواجہ آصف کا سکول کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

ہفتہ 31 مارچ 2018 23:50

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء)وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جب میں تعلیمی درسگاہ میں حاضری دیتا ہوں تو ان کا جوش اعتماد دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ ہمارا مستقبل روشن اور محفوظ ہے ۔ آپ کا جوش و خروش اللہ کے فضل وکرم سے ہماری قوم کی زندگی کی علامت ہے ۔میں جب تعلیمی درسگاہوں میں لب کشائی کرتا ہوں تو سیاست سے پرہیز کرتا ہوں ۔

میں نوجوانوں کو امید کے ساتھ ملتا ہوں ۔ ہماری نوجوان نسل ہم سے بہترملکی خدمت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواجہ صفدر روڈ پر معروف نجی ادارے کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر محسن بلال، رکن صوبائی اسمبلی چودھری محمد اکرام ، میئر سیالکوٹ توحید اختر چودھری ، ارشد بٹ ،مسلم لیگ(ن) کے رہنما رانا عبد الوحید ، مرزا ابرار بیگ ، چودھری نوید رضا، چودھری وسیم رضا ، چودھری لطیف چاند و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تین سو لوگ روزانہ شام کو ٹی وی ٹاک شو کے لئے درکار ہوتے ہیں ۔ ہمارے ملک میں میڈیا بہت بیدار ہے۔ یہ بات قابل فخر ہے کہ میرے لئے اچھے الفاظ بولے گئے ۔ میں ماسٹر سے فارغ ہونے والی طالبات سے گزارش کرتا ہوں کہ ملک کو آپ کی ضرورت ہے ۔ ہمارے ذاتی مفادات قومی مفادات پر سبقت حاصل کر چکے ہیں ۔ میں ایک نالج کی حیثیت سے آپ کہوں گا کہ قومی مفاد آپ کو عزیز ہونا چاہیے ۔

آج ہماری قومی زندگی تناؤ کا شکار ہے جو کہ نقصان دہ ہے اور یہ تناؤ شدید بھی ہو سکتا ہے ۔ جہاں ذاتی خواہشات قومی خواہشات کے ساتھ متصادم ہوں تو ہمیں ذاتی خواہش کو قربان کر کے قومی خواہش مفاد کا احترام کرنا چاہیے۔اس موقع پر وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف جب اسٹیج سے نیچے اترے تو طالبات نے ان کے ساتھ خوب سیلفیاں بنائیں ۔ طالبات کا خلوص دیکھ کر وفاقی وزیر خارجہ ان میں گھل مل گئے اورتقریباًًآدھا گھنٹہ تک سیلفیاں بنائی جاتی رہی ، نجی کالج کے پروگرام میں مسلم لیگ کے ترانے گونجتے رہے ۔