اقلیتیں ملکی ترقی، خوشحالی ، امن اور سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں،حناء ارشد وڑائچ

ہفتہ 31 مارچ 2018 23:50

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء)چیئرپرسن ضلع کونسل سیالکوٹ حناء ارشد وڑائچ نے کہا ہے کہ اقلیتیں ملکی ترقی، خوشحالی ، امن اور سلامتی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ سمبڑیال میں گڈ فرائیڈے کے موقع پر راشن تقسیم کرنے کے بعد مسیحی خواتین کے اجتماع سے دوران خطاب انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔

(جاری ہے)

حناء ارشد وڑائچ نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو پوری دنیا میں دیرپا امن کے قیام کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب امن و آشتی، پیار، اتحاد و یگانگت، برداشت، تحفظ اور احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔ چئیرپرسن نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کو تمام بنیادی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔قبل ازیں چئیرپرسن ضلع کونسل نے مستحق مسیحی لوگوں میں راشن بیگ تقسیم کئے۔