اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں نو تعمیر شدہ میٹرو پولیٹین کلب کا افتتاح، کی تکمیل سے شہریوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ صحت مندانہ تفریحی سہولت میسر ہو گئی،بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش ِ نظر میٹرو پولیٹین کارپوریشن مزید تفریحی سہولیات مہیا کرنے کے لیے بھی پر عزم ہے،میئر شیخ انصر عزیز کا افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 مارچ 2018 23:05

اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں نو تعمیر شدہ میٹرو پولیٹین کلب کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء) میٹروپولیٹین کارپوریشن اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ میٹرو پولیٹین کلب اسلام آباد ایف نائن کی تکمیل سے اسلام آباد کے شہریوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ صحت مندانہ تفریحی سہولت میسر ہو گئی ہے اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آبادکی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش ِ نظر اسلام آباد میںمزید تفریحی سہولیات بھی مہیا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار میئر اسلا م آبادشیخ انصر عزیز نے ایف نائن میں نو تعمیر شدہ میٹرو پولیٹین کلب کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر میٹرو پولیٹین کارپوریشن اسلام آباد(ایم سی آئی) اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی ای) کے افسران کے علاوہ اسلام آباد کی میٹروپولیٹین کارپوریشن کے منتخب نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

میئر اسلا م آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلا م آباد میں منتخب نمائندوں کو اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شہر کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے لیے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں تاہم اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کی کوششوں کے باعث گذشتہ کئی برسوں سے تعطل کا شکار اس اہم تفریحی منصوبے کو نہ صرف تیزی سے مکمل کیا گیا ہے بلکہ اب یہ تفریحی سہولت عملی طو رپر شہریوں کے لیے کھولی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے اسلام آباد کے میئر کی حیثیت سے سب سے زیادہ توجہ ان منصوبوں پر مرکوز کی ہے جو عدم دلچسپی کی بناء پر تعطل کا شکارتھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان تعمیراتی منصوبوں میں تعطل جہاں ایسی مفید سہولتوں کو شہریوں تک پہنچانے میں تاخیر کا باعث بنتا ہے وہاں ان منصوبوں پر آنے والی لاگت میں بھی اضافہ کا باعث ہوتا ہے اس لیے میٹرو پولیٹین کارپوریشن نے ایسے منصوبوں کی فوری تکمیل کو اپنی ترجیحات میں سر فہرست رکھا ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز کو میٹرو پولیٹین کلب اسلام آباد کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ 22 ایکٹر رقبے پر محیط میٹرو پولیٹین کارپوریشن کلب کا ڈیزائن ملک کے نامور اور ممتاز آرکیٹکٹ نیئر علی دادا (ھلال امتیاز و ستارہِ امتیاز) نے تیا ر کیا ہے اور اپنے منفرد ڈیزائن کے باعث کلب کی عمارت تفریحی سہولیات کے لے بے حد موزوں ہے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بتایا گیا کہ کلب کے مرکزی بلاک میں پارٹی ہال، ریسٹورنٹ، ان ڈور پول ایریاء، الیکٹریکل اینڈ مکینکل روم، جم اور پول ،لابی، جمنازیم، مرکزی کچن، بالکونی، سنوکر ایریاء، سنیک بار، فٹنس سینٹر، لائبریری جیسی سہولیات مہیا کی گئی ہیں جبکہ میٹرو پولیٹین کلب میں 56 کمرے بمعہ بالکونی کے علاوہ کلب کے اندر گارڈن کی بھی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

انہیں بتایا گیا کہ کلب کے اندر چائینز ریسٹورنٹ، بوفے، ڈائننگ ہال اور لانڈری کے علاوہ سٹور اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ میڑوپولیٹین کلب اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایم سی آئی کی طرف سے ایک تحفہ ہے جس میں صحت مندانہ اور بھر پور تفریحی سہولیات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد کے شہریوں کے لیے اس طرح کے کئی اور منصوبے بھی شروع کر رہا ہے جس کے لیے ابتدائی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ آئندہ اسلام آباد میں شروع کئے جانے والے تمام منصوبے شہریوں کی تجاویز کی روشنی میں شروع کئے جائیں۔انہوں نے میڑوپولیٹین کلب کو اسلام آباد کی تفریحی سہولیات میں ایک خوشگوار اضافہ قرار دیا۔ میئر اسلام آباد کو بتایا گیا کہ کلب میں 450 افراد کے لیے جدید طرز تعمیر کا شاہکار آڈیٹوریم بھی بنایا گیا ہے اور کلب کے اندر 2 کانفرنس روم بھی تعمیر کئے گئے ہیں۔ ٹینس کورٹس ، جاگنگ ٹریک، آوٹ ڈور سوئمنگ پول، کیفے، کشادہ اور وسیع سر سبز و شاداب لان بھی کلب کا حصہ ہیں کلب میں میک اپ روم کے علاوہ بیکری اور کینٹین کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے جبکہ پارکنگ کا بھی انتظام موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :