چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات سے ابہام دور نہیں ہوئے بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے‘ چوہدری نثار علی خان

ملاقات کا مقصد اگر اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا تو میں ایک سال سے یہی بات کررہا ہوں‘ سابق وزیر داخلہ

ہفتہ 31 مارچ 2018 21:47

چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات سے ابہام دور نہیں ہوئے بلکہ ان میں اضافہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2018ء) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات سے ابہام دور نہیں ہوئے بلکہ ان میں اضافہ ہوا ہے،ملاقات کا مقصد اگر اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا تو میں ایک سال سے یہی بات کررہا ہوں، اگر یہ راستہ اختیار کرلیا جاتا تو اس ملاقات کی ضرروت ہی نہ پڑتی۔نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت اور سپریم کورٹ کو شکوک شبہات دور کرنے کے لیے مل کر قدم اٹھانا چاہیے ۔

چوہدری نثار نے وزیراعظم کے دورہ امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات کا مقصد منفی امریکی بیانیے کی تشہیر ہے۔مجھے وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کی ملاقات کا مقصد سمجھ نہیں آیا۔

(جاری ہے)

ہمیں امریکی حکام کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ ہماری قیادت کو لیکچر دیں، یکطرفہ مسلط کردہ امریکی بیانیہ کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے لندن میں قیام سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں، شہباز شریف صرف اپنی خرابی صحت کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں۔مجھے خدشہ ہے کہ شہباز شریف کو کام کرنے کا مینڈیٹ اور گنجائش نہیں دی جائے گی۔ پارٹی صدارت کے بعد انہیں کام کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا تو کئی امور میں بہتری آسکتی ہے۔