ملالہ یوسفزئی ساڑھے 5 سال بعد اپنے آبائی علاقے سوات گل کدہ آمد

ہفتہ 31 مارچ 2018 19:52

ملالہ یوسفزئی ساڑھے 5 سال بعد اپنے آبائی علاقے سوات گل کدہ آمد
سوات۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2018ء) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی ساڑھے 5 سال بعد اپنے آبائی علاقے سوات گل کدہ پہنچ گئیں،ناس موقع پرملالہ اپنے آبائی گھرگئیں ،جہاں پروہ جذبات سے آبدیدہ ہوگئیں، اس موقع پر ان کے والد نے انہیں دلاسہ دیا۔ملالہ نے دورے میںاپنے رشتہ داروں اور دوستوں سے بھی ملاقات کی، اس موقع پروفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب بھی دورہ سوات میں ملالہ یوسف زئی کے ہمراہ تھیں۔

ملالہ یوسفزئی کے دورے کے دوران سیکورٹی فورسز اور پولیس نے سخت سیکورٹی کے انتظامات کئے تھے اور گل کدہ روڈ کو دو گھنٹے کے مختصر دورہ کے دوران تمام قسم کی ٹریفک روک دی گئی تھی۔انہوںنے دورے کے دوران کیڈٹ کالج سوات بھی گئیںجہاں پرکیڈیٹ کالج کے طالب علموں اورعملے نے ان کاگرمجوشی سے استقبال کیااوراس موقع پرانہیں خصوصی بریفنگ بھی دی گئی اورمہمانوں کی کتاب میںملالہ نے اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

(جاری ہے)

ملالہ نے کیڈٹ کالج سوات میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے حملے کے تقریباً ساڑھے 5 سال بعد وادی سوات کا یہ میرا پہلا دورہ ہے، مجھے اپنی مٹی اور اس کی ثقافت پر فخر ہے،کیڈٹ کالج نہایت خوبصورت ہے اور میں اپنے خیر مقدم پر پرنسپل اور عملے کی شکر گزار ہوں،دعائیں اور نیک تمنائیں۔اس موقع پرتقریر میں ملالہ نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں سوات سے تعلق رکھتی ہوں، سوات میں امن آچکاہے جبکہ یہاں کے عوام امن اورتعلیم سے محبت کرنے والے ہیں ، آج کے لمحات بہت زیادہ خوشگوار تھے اور میں اپنے اپنے لوگوں کے درمیان موجودگی کوباعث فخرسمجھتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں برطانیہ میں اپنی تعلیم کے بعد سوات میں آئی ہوںاوراس علاقے میں تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرناچاہتی ہوں۔بعدازاں وہ اسلام آباد کے لئے روانہ ہوگئیں۔

متعلقہ عنوان :