جیکب آباد میں ہندوپنچائیت کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ،

ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی سندھ حکومت پر شدید تنقید بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی کے مقامی غنڈہ گرد عناصرکیخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ جیکب آباد میں ہندوکمیونٹی کو ہراساں کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

ہفتہ 31 مارچ 2018 13:46

جیکب آباد میں ہندوپنچائیت کے سربراہ پر قاتلانہ حملہ،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2018ء) پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ اور قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے شماریات کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے سندھ میں ہندو کاروباری برادری کے خلاف بھتہ خوری اور قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بطور احتجاج سندھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جیکب آباد میں مقامی ہندوپنچائیت کے سربراہ لال چند سیتلانی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے مقامی ایم این اے کے بھتیجے صابر جاکھرانی نے لال چند سیتلانی سے چار لاکھ روپے بھتہ طلب کیا اور انکار پر جان سے مارنے کی کوشش کی، انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی کے دورِ حکومت میں رواج بن گیا ہے کہ کاروباری افراد کو اپنے تحفظ کیلئے یا تو مقامی طاقتور شخصیت کی آشیرباد حاصل کرنی ہوتی ہے یا غنڈہ گردوں کو بھتہ دینا پڑتا ہے، انہوں نے آگاہ کیا کہ کچھ برس قبل جیکب آباد کے ایک نمایاں ہندو کاروباری شہری اور ہندو پنچائیت کے سرگرم رکن سدام چند کو بھی بھتہ نہ دینے کی وجہ سے قتل کردیا گیا تھا ،اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا جبکہ ہندوؤں کی بڑی تعداد کو نقل مکانی پر مجبور کیاگیا، ڈاکٹر رمیش وانکوانی کا کہنا تھا کہ محب وطن پاکستانی ہندو کمیونٹی پاکستان بنانے والوں میں شامل ہے، قیامِ پاکستان سے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں ہندو برادری کا کلیدی کردار ہے، ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے ہندو کمیونٹی کوظالموں سے نجات حاصل کرنے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بھتہ خوری، قتل اور زبردستی مذہب تبدیلی کے افسوسناک واقعات پیپلزپارٹی حکومت کی بدنامی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مقامی غنڈہ گرد عناصر کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ ہندو کمیونٹی کا خاص خیال رکھا لیکن انکے بعد گزشتہ دس برسوں میں سندھ میں ہندوؤں کے ساتھ جو ظلم و ستم ہوا اسکی مثال ملکی تاریخ میں نہیں ملتی، انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو سیاسی مصلحتوں کا شکار ہونے کی بجائے سندھ کے مظلوم ہندوؤں کا ساتھ دینا چاہیے،اس حوالے سے ڈاکٹر رمیش نے خبرداربھی کیا کہ اگر انکے مطالبے کو سنجیدہ نہ لیا تو ہندو کمیونٹی پیپلز پارٹی کا آئیندہ الیکشن سمیت ہر فورم پر بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوگی۔

پاکستان ہندوکونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے مزید کہا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ ایک نہایت ایماندار پولیس افسر ہیں، انکی ذاتی کاوشوں سے ایف آئی آر تو کٹ گئی ہے لیکن اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تفتیشی عمل کو بغیر سیاسی دباؤ کے آگے بڑھنے دیا جائے، ڈاکٹر رمیش نے توقع ظاہر کی کہ آئی جی سندھ قانون شکن جرائم پیشہ عناصرکو قانون کی آہنی گرفت میں لانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔