ملالہ یوسفزئی کافروں کی زبان بولتی ہے

جو بات کافروں نے کرنی تھی وہی بات اس بچی نے کردی ہے، مسلمانوں کی بچیاں ایسی نہیں ہوتیں: علامہ خادم حسین رضوی کی نوبل انعام یافتہ ملالہ کیخلاف اشتعال انگیز تقریر

muhammad ali محمد علی ہفتہ 31 مارچ 2018 11:32

ملالہ یوسفزئی کافروں کی زبان بولتی ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2018ء) علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کافروں کی زبان بولتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 5 برس کے بعد نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پاکستان واپس آئی ہیں۔ ملالہ یاسفزئی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے کیلئے پاکستان آئی ہیں۔ ملالہ کو پاکستان آمد پر بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا گیا ہے۔

لیکن دوسری جانب ان کے مخالفین بھی خاموش نہیں بیٹھیں ہیں۔ ملالہ یوسفزئی کو ان کے مخالفین کی جانب سے حسب روایت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اب علامہ خادم حسین رضوی نے بھی ملالہ یوسفزئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ خادم حسین رضوی نے ملالہ یوسفزئی کیخلاف اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا ہے کہ ملالہ یوسفزئی کافروں کی زبان بولتی ہے۔ خادم حسین رضوی کا کہنا ہے کہ ملالہ نے مسلمانوں کی جانب سے سلمان رشدی کیخلاف احتجاج کرنے کی مخالفت کی۔ جو بات کافروں نے کرنی تھی وہی بات اس بچی ملالہ نے کردی ہے۔ ملالہ تو بچی ہے اس کے منہ میں جو بات کافروں نے ڈال دی، اس نے وہی کہہ دیا۔ خادم حسین رضوی کہتے ہیں کہ مسلمانوں کی بچیاں ایسی نہیں ہوتیں۔