پی ٹی آئی حکومت نے صوبہ کو دیوالیہ بنا دیا ہے،

نااہل حکمرانوں کی وجہ سے صوبہ مزید پستی کی جانب جا رہا ہے، سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو امیر حیدر خان ہوتی کا بٹگرام میں عوامی جلسہ سے خطاب

جمعہ 30 مارچ 2018 13:11

پی ٹی آئی حکومت نے صوبہ کو دیوالیہ بنا دیا ہے،
بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبہ کو دیوالیہ کر دیا ہے، نااہل صوبائی حکمرانوں کی وجہ سے صوبہ مزید پستی کی جانب جا رہا ہے، موجودہ وقت میں ہمارے صوبہ کی صحت وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی طرح کمزور ہو گئی ہے۔

وہ گذشتہ روز بٹگرام میں عوامی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ سے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر محمد ایاز تورخیلی، امیدوار قومی اسمبلی الحاج مصباح الله بابر، امیدوار صوبائی اسمبلی ریاض خان، ارشد خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ عمران خان صوبہ کی مثالیں پیش کرتے ہوئے نہیں تھکتے مگر حال یہ ہے کہ پہلے بلین ٹری منصوبہ میں لوگوں کو بے وقوف بنایا، صوبائی وزراء کی جانب سے کرپشن کے الزامات بھی سامنے آئے مگر عمران خان نے اس پر کان نہیں دھرے۔

(جاری ہے)

دوسرے صوبے ترقی کی دوڑ میں بہت آگے نکل چکے ہیں مگر ہمارے صوبہ کا حال یہ ہے کہ ہمارے وزیراعلیٰ اور صوبائی وزراء کو ناچ گانوں سے فرصت نہیں، آج صوبہ کا انفراسٹرکچر بری طرح تباہ ہو گیا ہے، لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں، سڑکوں کا برا حال ہے، بجلی کا نظام درہم برہم ہے، بے روزگاری حد کو پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو نوجوانوں کو بلاسود قرضے دیں گے، ہر ضلع کی طرح بٹگرام میں بھی یونیورسٹی بنائیں گے، اس کی مثال ہمارے گذشتہ دور اقتدار سے لگائی جا سکتی ہے کہ ہم نے پانچ سالوں میں 10 یونیورسٹیاں قائم کیں ہیں جو ریکارڈ ہے، گذشتہ 60 سالہ تاریخ میں صرف 9 یونیورسٹیاں بنائی گئی ہیں جبکہ ہمارے دور حکومت میں ہم نے 24 بجلی منصوبوں کی منظوری دی تھی، اس میں پانچ پر کام شروع کیا تھا، عمران خان سمجھ رہے تھے کہ نواز شریف نااہل ہو جائیں گے تو تحریک انصاف کیلئے میدان ہموار ہو جائے گا مگر مسلم لیگ (ن) پہلے کے مقابلہ میں زیادہ مضبوط ہو گئی ہے اور عمران خان کے ارمانوں پر پانی پھیر گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کا منشور عدم تشدد، الله کی رضاء کیلئے الله کی مخلوق کی خدمت، علم کی روشنی پھیلانا اور باچا خان کا فلسفہ ہے، 2018 میں عوامی نیشنل پارٹی کی حکومت آئی تو پہلے سال ہی ضلع بٹگرام میں یونیورسٹی بنائیں گے، ضلع بٹگرام، تورغر، شانگلہ اور کوہستان پر مشتمل اباسین ڈویژن کا قیام عمل میں لانے کے ساتھ ساتھ ضلع تورغر اور بٹگرام کے درمیان دریائے اباسین پر پل تعمیر کرائیں گے۔