پاک ایران تجارتی تعلقات میں اضافہ سے دونوں ملکوں کی معیشت کو فائدہ ہوگا‘گورنر سندھ

جمعرات 29 مارچ 2018 23:33

پاک ایران تجارتی تعلقات میں اضافہ سے دونوں ملکوں کی معیشت کو فائدہ ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران اسلامی اخوت بھائی چارہ کے لازوال رشتہ سے منسلک ہیں جبکہ تاریخی اعتبار سے بھی دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے نہایت قریب ہیں۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایران کی خارجہ امور کی حکمت عملی کونسل کے سربراہ اور سابق وزیر خارجہ کمال خرازی کے ہمراہ آنے والے وفد سے گورنر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

وفد کے اراکین میں ،رسول اسلامی، مہدی مصطفوی، باقر خرم شاد، عبدالرضا، سیف اللہ طاھری ،قونصل جنرل احمد محمدی، ڈپٹی قونصل جنرل محمد نصیر اور عبد الرضا سلطان شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ایران تجارت میں اضافہ کے لئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے کیونکہ اس سے دونوں ممالک کی معیشت کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان میں خانہ جنگی کے باعث پاکستان کی معیشت پر بہت زیادہ بوجھ پڑا اور 30 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کی آمد سے پاکستان میں سہولیات کا بنیادی ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سال کی انتھک محنت کے باعث اب پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہوچکی ہے جس کے اثرات سے نئی حکومت مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے مقابلہ میں آج کا پاکستان بہت زیادہ بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے منصوبوں کے باعث پاکستان میں انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس سے نہ صرف پاکستان میں معاشی انقلاب برپا ہوگا بلکہ چین کو بھی خطیر زر مبادلہ کی خطیر بچت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ایرانی سرمایہ کار سرمایہ کاری کے ضمن میں کراچی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ امن و امان کے قیام اور توانائی کی صورتحال میں بہتری کے باعث یہ شہر سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل حیثیت اختیار کر گیا ہے۔

انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارتی وفود کے مسلسل تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف تجارت میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان اور ایران کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔ وفد کے سربراہ کمال خرازی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون میں اضافہ کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :