Live Updates

ملک میں تماشہ لگا ہوا ہے، ہم امریکہ اور بھارت کا ہدف ہیں ،ایک دوسرے کے گریبان پھاڑنے کی بجائے ملک کو آگے لے کر جائیں،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف آئندہ وزیر اعظم کے امیدار ہوں گے

،عمران خان صاحب مخالفین کو گالیاں دے کر اور الزام لگا کر ووٹ نہیں ملتے ،جو شخص کسی شہر کا میئر نہیں بن سکتا وہ کہہ رہا ہے مجھے اکیس کروڑ عوام کے ملک کا وزیر اعظم بنا دو‘ وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کا تقریب سے خطاب

جمعرات 29 مارچ 2018 23:26

ملک میں تماشہ لگا ہوا ہے، ہم امریکہ اور بھارت کا ہدف ہیں ،ایک دوسرے ..
لاہور۔29 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2018ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اوپر فیصلہ اللہ اور نیچے عوام کریں گے ، اللہ کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے کوئی حکمران ہویا کوئی اور طاقتور سب اس کے محتاج ہیں اور کوئی اسکے فیصلے کا سامنا نہیں کر سکتا، ملک میں تماشہ لگا ہوا ہے ، ہم امریکہ اور بھارت کا ہدف ہیں ،ایک دوسرے کے گریبان پھاڑنے کی بجائے ملک کو آگے لے کر جائیں،مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف آئندہ وزیر اعظم کے امیدار ہوں گے ،عمران خان صاحب مخالفین کو گالیاں دے کر اور الزام لگا کر ووٹ نہیں ملتے اور میرے اندازے کے مطابق آئندہ انتخابات میں آپ کے ووٹ گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کم ہوں گے ،جو شخص کسی شہر کا میئر نہیں بن سکتا وہ کہہ رہا ہے مجھے اکیس کروڑ عوام کے ملک کا وزیر اعظم بنا دو ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقہ انتخاب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ میٹرو اور اورنج ٹرین نہ بنائو ، عوام کی خدمت نہ کرو ۔ جو مرضی ہو جائے ہم نے ڈنڈے سوٹے نہیں اٹھانے بلکہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا ہے ، ہم اور آپ خیر کا کام کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر گھر میں لڑائی ہوتی ہے تو کوئی وقتی طور پر توجیتتا ہے اور اسے فائدہ ہوتا ہے لیکن حقیقت میں پورا گھر ہار جاتا ہے ،ہم اپنے گھر کی لڑائی کو ختم کریں اور کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگیں ۔

انہوںنے کہا کہ عمران خان کے پاس پورا صوبہ ہے ،آصف زرداری کے پاس اگر سندھ میں کچھ ہوتا ہے تو وہ کراچی کا کچرا ہی اٹھا لیں ، عمران خان وہاں آدم خور چوہوں کو ماریں او رپولیو کو کنٹرول کریں ، ہم نے یہاں اس ڈینگی مچھر کو کنٹرول کیا ہے جو نظر نہیں آتا جبکہ آپ سے آدم خور چوہے ختم نہیں ہوئے اور خیبر پختوانخواہ سے آنے والا پولیو پورے ملک میں پھیل رہا ہے ۔

پشاور کو خوبصورت بنائو لوگ تمہیں ووٹ دیدیں گے لیکن گالیاں دے کر اورالزام لگا کر آپ کو ووٹ مل جائے گا تو اس طرح ووٹ نہیں ملتا بلکہ خراب ہوتا ہے ۔ میرا اندازہ ہے کہ پچھلی بار آپ جتنے ووٹ لے گئے تھے اب آپ کو اتنے نہیں ملیں گے،لوگ گالیوں کی سیاست کو پسند نہیں کرتے ۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان اپنے سیاسی مخالفین کے بارے میں اوئے توئے اور بد تمیزی کرتا ہے ، اس سے وہ مخالف کو نہیں بلکہ اپنے آپ کو نقصان پہنچار ہے ہو ۔

جب کوئی بھی سیاست میں آ جاتا ہے تو اس کی حیثیت باپ کی طرح ہوتی ہے ، باپ پیار بھی کرتا ہے ، شفقت بھی کرتا ہے ڈانتا بھی ہے اور گھر کو لے کر چلتا ہے اورجوڑ کر رکھتا ہے لیکن عمران خان میں ایسی کوئی خصوصیت موجود ہی نہیں ۔انہوںنے کہا کہ آپ کہتے ہیں مجھے پاکستان کا وزیر اعظم بنا دو، آپ جیساشخص تو کسی شہر کا میئر نہیں بن سکتا ۔ اگر وزیراعظم بننا ہے تو اپنی زبان ٹھیک کرو ، گالیاں نہ دو ۔

آپ کے کان میں کوئی بات کر دے تو آپ تقریر شروع کر دیتے ہیں ۔ مجھے ایک تقریر کے دوران عمران خان نے اوئے سعد رفیق کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ سعد رفیق نے اپنے گھر میں ٹھپے لگائے کیا کوئی اتنا ہی بیوقوف ہے جو ٹھپے بھی لگائے گا اور اپنے گھر میں لگائے گا ۔ انہوںنے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ نے ووٹ نہیں دئیے تھے ،اس شخص کا کیا علاج ہے۔

میر اکیس ابھی تک سپریم کورٹ میں چل رہا ہے حکومت ختم ہونے میں دو ماہ رہ گئے ہیں اورہم کہہ رہے ہیں کہ انصاف کر دو ۔ پی ٹی آئی والوں کو یہاں سے 84ہزار ووٹ ملے تھے کیا آپ نے اس شخص کو دوبارہ دیکھا ہے ،اس کا تو شاید آپ کو نام بھی یاد نہ ہو ،وہ کبھی واپس نہیں آیا ،اسے تو حلقے کے علاقوں کے نام تک معلوم نہیں یہاں کے مسائل کا علم نہیں ، اگر وہ آپ کے پاس آئیں تو ان سے پوچھیں آپ پانچ سال کہاں تھے اور انہیں کہیں کہ ہمیں معاف کر دیں ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو آگے بڑھاتی رہے گی اور 2018ء میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شہباز شریف وزیر اعظم کے امیدوار ہوں گے ،شہباز شریف اٹھارہ گھنٹے کام کرتے ہیں ،وہ چین اور سکون نہیں لیتے ان پر کام کرنے کا جنون طاری ہوتا ہے ۔ اللہ کرے اگلے وزیر اعظم شہباز شریف بنیں اور پورے ملک میں ترقی ہو گی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حد ہو گئی ہے بلکہ اب حدیں پار ہو گئی ہیں ، اللہ کی عدالت سب سے بڑی عدالت ہے کوئی حکمران ہو یا سب سے بڑا طاقتور سب کے محتاج ہیں اور کوئی اس کے فیصلے کا سامنا نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ دعا کریں انتخابات وقت پرہوجائیں،الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو کام خراب ہوجائے گا۔انہوںنے کہا کہ ملک کے تمام ذمہ دار اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں،اب رشتہ داری اور برادری پر ووٹ نہیں ملتا،کام پر ووٹ ملتا ہے۔

کوشش کی جارہی ہے کہ ہمیں بدنام کرکے لوگوں کو ہم سے دور کردیا جائے، بھٹو کے مرنے سے پیپلزپارٹی ختم نہیں ہوئی،مزید مضبوط ہوئی تھی۔انہوں نے کہا کہ یہ کوئی ڈر ور نہیں ہے ،ماں باپ کی قربانی دی ہے ، خود بھی جیلیں کاٹی ہیں اور اب بھی کاٹ لیں گے ،ملک پر رحم کیجیے اور سب ملک کو لے کر آگے بڑھیں ،ملک میں تماشا لگ گیا ہے ہم امریکہ اور بھارت کا ہدف ہیں سب کو اس پر غور کرنا ہو گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات