سپریم کورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی جانب سے ضمانت کیلئے دائردرخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیئے

بدھ 28 مارچ 2018 23:45

سپریم کورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی جانب سے  ضمانت کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی جانب سے اپنی ضمانت کیلئے دائردرخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 17 اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے اورکہا ہے کہ شرجیل میمن جیل میں بہت آرام دہ ماحول میں رہ رہے ہیں، عدالت کی جانب سے ازخود نوٹس لینے پرشرجیل میمن کو جیل میں دستیاب سہولتیں کے بارے میں سب کچھ سامنے آگیا تھا ، جیل کے پرسکون ماحول میں انہیںکوئی مسئلہ نہیں ہونا چاہیے،بدھ کو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی تین رکنی بینچ نے ضمانت کیلئے دائردرخواست کی سماعت کی، اس موقع پر درخواست گزارکے وکیل سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے پییش ہوکرعدالت سے استدعاکی کہ کیس کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، شرجیل میمن پانچ ماہ سے جیل میں ہیں، تاکہ ان کی داد رسی ہوسکے جسٹس آصف سعیدکھوسہ نے فاضل وکیل سے کہا کہ آپ نے تو عبوری ضمانت کیلئے بھی ایک درخواست سپریم کورٹ میں دائر کررکھی ہے،جس پرلطیف کھوسہ نے کہا کہ عبوری ضمانت کی درخواست صرف کیس سماعت کیلئے مقرر کرانے کی غرض سے دائرکی تھی، جو واپس لئے جانے کی بنیاد پر خارج کردی گئی تھی، سماعت کے دورا ن جسٹس آصف سعید کھوسہ نے فاضل وکیل سے استفسار کیا کہ کیا لندن میں قیام کے دوران شرجیل میمن مفرور تھے، جس پر لطیف کھوسہ نے کہا کہ شرجیل میمن کے وارنٹ کبھی جاری نہیں ہوئے تھے، بلکہ ان کے ساتھ آ بیل مجھے مار والا کام ہوا ہے ، مسئلہ یہ ہے کہ انتخابات سرپر ہیں، اوراس طرح کے مقدمات الیکشن پر اثر انداز ہوں گے، جس پرجسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہاکہ ہائی کورٹ کا فیصلہ بہت تفصیلی ہے، ضمانت کے کیس کا فیصلہ 50 صفحات پر مشتمل ہے درخواستیں زیادہ ہوں تو فیصلہ بھی لمبا ہی ہوتا ہے،بعد ازاں عدالت نے شرجیل میمن کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اورمزیدسماعت ملتوی کردی۔