شہر کراچی پاکستان کی معیشت کا حب ہے اس معاشی حب کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے، مصطفی کمال

کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے، لیاقت آباد الکرم اسکوئر پر پی ایس پی رابطہ کیمپ کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب

بدھ 28 مارچ 2018 23:39

شہر کراچی پاکستان کی معیشت کا حب ہے اس معاشی حب کو ایک بار پھر روشنیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ شہر کراچی پاکستان کی معیشت کا حب ہے اس معاشی حب کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے کیونکہ کراچی کی خوشحالی پاکستان کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ ہمارے دروازے ہمیشہ سب کے لیے کھلے ہیں کسی کے آنے جانے پر ہم اسے غدار نہیں کہیں گے بلکہ اس کی بہت عزت کریں گے، پاک سرزمین پارٹی اس مقام پر پہنچ گئی ہے جہاں مشکلات ختم ہو رہی ہیں جن مسائل کی ہم نے بات کی ہے ان مسائل کے حل کرنے کا وقت آگیا ہے، ساتھیوں الیکشن کا ٹائم آگیا ہے میرے تمام ساتھی الیکشن کے موڈ میں نظر آئیں اور اپنی تمام محنت الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے صرف کریں تاکہ ہم عوام کے مسائل حل کر سکیں، کراچی کی ہر گلی گلی میں ہمارے دفاتر قائم ہوگئے ہیں. ان خیالات اظہار سید مصطفیٰ کمال نے لیاقت آباد الکرم اسکوئر پر پی ایس پی رابطہ کیمپ کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں جس طرح سے ڈسٹرکٹ لیول ٹاؤن لیول پر ہمارے شعبہ جات فعال ہیں اور میری مائیں بہنیں سخت گرمی میں ایک گھر جاکر پی ایس پی کا پیغام پھیلا رہی ہیں میں ان کو سلام پیش کر تا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میرے ساتھیوں اس آفس کی حرمت کا خیال رکھنا یہ آفس فلاح کے کاموں کے لئے استعمال ہو یہ جگہ کسی انسان کی پریشانی یا بددعا لینے کا سبب نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر میں الطاف حسین صاحب کے خلاف بولنے کی سزا موت تھی آج دیکھو یہ لیاقت آباد ہے جو کسی کا گڑھ سمجھا جاتا تھا آج ہم یہاں اپنا ڈسٹرکٹ آفس کھول رہے ہیں۔ یہ ہم پر کرم ہے کہ آج اس مقام تک پہنچے۔ ہمارے چار ساتھی شہید ہوئے وہ ایسے حالات میں جڑے جب ان کو معلوم تھا کہ ہمارا ساتھ دینے کی سزا موت تھی۔ ہم نے کسی کو تھپڑ نہیں مارا۔ مجھے یقین ہے کہ کامیابی ہماری طرف دوڑ کر آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے لیاقت آباد اور لیاری کے لوگوں کے راستے سے بھی کانٹے چننے ہیں۔