سکھر میں چھوہارا مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 9 افراد جاں بحق ہوگئے

حکومت سندھ نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے فوری رپورٹ طلب کرلی ریسکیو آپریشن فوج اور رینجرز و مقامی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے جاری ہے، سید ناصر حسین شاہ

بدھ 28 مارچ 2018 23:39

سکھر میں چھوہارا مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 9 افراد ..
سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2018ء) سکھر میں چھوہارا مارکیٹ میں گودام کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔سکھر کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق چھوہارا مارکیٹ میں چھوہارے پکانے والی بھٹی کے پھٹنے سے گودام کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں 9 افراد دب کر جاں بحق ہوگئے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے مزید 3 افراد کی لاشیں نکال لیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی، اب بھی کچھ افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں جب کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے کچھ افراد کی شناخت ہوئی ہے جس میں 3 خواتین،2 مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔

دوسری جانب گورنر سندھ محمد زبیر نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر سکھر سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے انتظامیہ سے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سکھر کی کھجور مارکیٹ میں چھت گرنے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں پی پی پی چیئرمین نے جان بحق مزدوروں کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا اور پارٹی رہنما و کارکنان کو ہدایات دیں کہ وہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ زخمیوں کو بہتر علاج مہیا کیا جائے۔دریں اثناء سندھ کے وزیر محنت ، ٹرانسپورٹ و اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے سکھر کھجور مارکیٹ کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر سکھر سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے اور بلاول بھٹو زردای کی ہدایات کی روشنی میں بھرپور طریقے سے ریسکیو آپریشن فوج اور رینجرز و مقامی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے جاری ہے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کرتے ہوئے دلی تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی فوری طبی امداد کے لئے مقامی اسپتال انتظامیہ کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ سے مکمل رپورٹ اور صورتحال معلوم کرنے کے لئے مسلسل رابطہ بھی ہے۔انہوں نے فوج ، رینجرز کے ریسکیوآپریشن کو بھی سراہا جنہوں نے فوری طور پر مقامی انتظامیہ کی مدد کے لئے اپنی خدمات پیش کیں اور واقعہ کی مکمل رپورٹ اور حقائق بھی معلوم کئے جائینگے۔

متعلقہ عنوان :