وفاقی کابینہ کا اجلاس، سعودی عرب اور چین کیساتھ سزا یافتہ افراد کی حوالگی کے معاہدے کی منظوری

ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کیلئے عبدالعلیم کی تعیناتی کی منظوری دی گئی،اعلامیہ

بدھ 28 مارچ 2018 23:39

وفاقی کابینہ کا اجلاس، سعودی عرب اور چین کیساتھ سزا یافتہ افراد کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2018ء) وفاقی کابینہ نے سعودی عرب اور چین کے ساتھ سزا یافتہ افراد کی حوالگی کے معاہدے کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے قانون کی بھی منظوری دیدی،ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کیلئے عبدالعلیم کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کے زیرِ صدارت اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے چین اور سعودی عرب کے ساتھ سزا یافتہ افراد کی حوالگی کے حوالے سے معاہدے کرنے کی منظوری دی۔

ان معاہدوں کی صورت میں دونوں ممالک کی جیلوں میں موجود پاکستانیوں کو وطن لا کر باقی سزا ملکی جیلوں میں پوری کرنے کی اجازت ہو گی۔کابینہ نے نادرا سروسز کے حوالے سے حکومتِ صومالیہ کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی منظوری دی جبکہ محمد نوید کو ممبر فنانس پی ٹی اے بنانے کی بھی منظوری دی گئی تاہم وہ تین ماہ کے لئے چیئرمین پی ٹی اے کا اضافی چارج بھی رکھیں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے نئے قانون کی منظوری دی جس میں انسانی سمگلنگ کے حوالے سے سخت سزائوں کی تجاویز دی گئی ہیں۔ کابینہ نے ڈرگ کورٹ اسلام آباد کے چیئرمین کے لئے غلام ساجد تقی، انسدادِ منشیات سپیشل کورٹ راولپنڈی میں جج کی تعیناتی کے لئے محمد اکرم جبکہ ایم ڈی پیپرا کی تعیناتی کے لئے فدا محمد کی منظوری بھی دی۔اس کے علاوہ ڈی جی پاکستان سٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے لئے عبدالعلیم کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے 139 ادویات کی زیادہ سے زیادہ ریٹیل پرائس کے حوالے سے سمری کی منظوری بھی دی۔