معاشی سرگرمیوں کے باعث کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، گورنرسندھ

بدھ 28 مارچ 2018 23:38

معاشی سرگرمیوں کے باعث کراچی ملک کا معاشی مرکز ہے، گورنرسندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہونے کے باعث قومی ترقی میںریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے یہاں ہونے والی تجارتی، کاروباری اور سماجی سرگرمیاں ملکی معیشت کے لئے کلیدی اہمیت کی حامل ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت شہر کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لئے بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنک الفلاح کی جانب سے ایڈیشنل ٹیئر(Additional Tier 1) 1 کے اجراء کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے زیادہ محفوظ اور دہشت گردی سے پاک ہے جس کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ شہر کی ترقی اور خوشحالی میں صنعت کار، تاجر اور کاروباری افرد اپنا موثر کردار بھرپور انداز سے ادا کررہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب مل کر دنیا کو یہ پیغام دیں کہ آج کا پاکستان دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ واریت کے ناسور سے پاک ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کیپیٹل انسٹرومنٹ کا اجراء ملک کی معیشت کے مستحکم ہونے کی نشاندہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والی معاشی سرگرمیاں ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ 2013ء میں جب موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالا تو اس وقت ملک بشمول کراچی میں امن و امان کی صورتحال خراب تھی۔ اس کے علاوہ بجلی کے بحران کی وجہ سے بھی معاشی سرگرمیاں شدید متاثر ہورہی تھیں۔

موجودہ حکومت نے جنگی بنیادوں پر بجلی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے اس کے ساتھ ملک میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے کچھ سخت فیصلے بھی کئے جن کے ثمرات آج عوام کے سامنے ہیں۔ حکومت نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے جن منصوبوں کو شروع کیا وہ آج اللہ کے فضل و کرم سے مکمل ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان اور توانائی کے بحران کے خاتمہ کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری اور کاروباری و تجارتی سرگرمیوں سے عوام کی سماجی زندگی میں مثبت تبدیلی آرہی ہے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے امیج کو مزید بہتر بانے کے لئے دنیا بھر میں روڈ شو اور سیمینار منعقد کئے جارہے ہیں جن کے ذریعہ پاکستان کا اصل امیج اجاگر کیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے بنک الفلاح کے صدر اور سی ای او نعمان انصاری کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت اور کاوش کے بدولت ہی یہ سب ممکن ہوا ۔ اس کے قبل چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج منیر کمال نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں بالخصوص کراچی میں معاشی سرگرمیاں بہتر ہونے کے باعث ہی یہ ممکن ہوا کہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے رچرڈ مورن (Richard Morin) پہلے غیر ملکی سی ای و کی حیثیت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج سے منسلک ہوئے۔

اس موقع پر نعمان انصاری نے بنک الفلاح کے جانب سے جاری کئے جانے والے پاکستان کے پہلے لسٹڈ پر پیچول انسٹرومینٹ (Listed Perpetual Instrument) کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ عارف حبیب لمیٹڈ کے چیئر مین عارف حبیب نے کہا کہ پاکستان بالخصوص کراچی میں ہونے والی معاشی سرگرمیوں میں گورنر سندھ محمد زبیر کا کلیدی کردار ہے کیونکہ انہوں نے ہمیشہ تاجر برادری کی رہنمائی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :