سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ

بدھ 28 مارچ 2018 23:38

سرکاری فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے فنڈز اور خصوصاً اخراجات کا آڈٹ انتہائی ضرری ہوتا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف مالی نظم وضبط میں مدد ملتی ہے بلکہ سرکاری فنڈز کا درست استعمال بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ڈائریکٹر جنرل آڈٹ سندھ اسحاق خسرو، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ سندھ فتح محمد قریشی اور ڈائریکٹر جنرل کمرشل آڈٹ اینڈ ایوالویشن ڈاکٹر پیر بھوایس لال کی جانب سے 2016-17ء کی آڈٹ رپورٹس پیش کرنے کے موقع پر کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اداروں کے لئے از خود احتساب کا نظام انتہائی ضروری ہے تاکہ یہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو پوری شفافیت اور معیار کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بد عنوانی، ترقیاتی فنڈز کے ناجائز اور غیر مناسب استعمال سے حکومتی نظم و نسق بھی متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہر سال عوامی فلاح و بہبود کے لئے خطیر رقوم مختص کرتی ہے جن کا شفاف ، درست اور بر وقت استعمال عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے نتہائی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے ساتھ ساتھ نااہلی، عدم صلاحیت اور لاپرواہی جیسے عوامل بھی عوامی فنڈز ضائع ہونے کا باعث بنتے ہیں جس کے خاتمہ کے لئے افسران کی مسلسل اور متواتر تربیت اشد ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آڈٹ رپورٹس کو پبلک اکائونٹس کمیٹی کے سامنے جلد از جلد پیش کئے جانے کے لئے بھی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ رپورٹس میں بدعنوانی، فرائض میں غفلت اور دیگر عوامل کے باعث سرکاری فنڈز کے ضیاع کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے ازالے اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی ضروری ہے تاکہ انہیں دہرائے جانے سے روکا جا سکے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سرکاری رقوم افسران کے پاس عوام کی امانت ہوتی ہیں ان میں خیانت اور بدعنوانی ایک سنگین جرم ہے۔ بعد ازاں اسحاق خسرو، فتح محمد قریشی اور ڈاکٹر پیر بھوایس لال نے گورنر سندھ کو اپنے اپنے ادارے کی جانب سے کئے گئے آڈٹس کی رپورٹ پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :