لاہور چیمبر کے مطالبے پر لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کا ممبران کی سہولت کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان

بدھ 28 مارچ 2018 21:10

لاہور چیمبر کے مطالبے پر لیسکو کے چیف ایگزیکٹو کا ممبران کی سہولت کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2018ء) لاہور چیمبر کے مطالبے پر لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے ممبران کی سہولت کے لیے لاہور چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید ،نائب صدر ذیشان اور ایگزیکٹو کمیٹی سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔

لیسکو چیف نے لاہور چیمبر کے اس مطالبے سے بھی اتفاق کیا کہ لیسکو سٹاف کی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، تبدیلی آنے سے بہت سے مسائل خود بخود حل ہوجائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میںانہوں نے کہا کہ صارفین کے خرید کردہ ٹرانسفارمرز کی قدر میں سالانہ کمی پانچ فیصد ہے، یہ نیپرا کی پالیسی ہے جس میں تبدیلی کے لیے بات چیت جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیپرا کے قیام کے بعد میٹرز خریداری کا طریقہ کار تبدیل ہوا ہے، اب خریداری کم بولی والے سے کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لائن لاسز اور بجلی چوری پر سختی سے قابو پایا جارہاہے، فیروز والہ میں ایک ہی دن پندرہ ٹیوب ویل پکڑے گئے جو ڈائریکٹ چل رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سترہ نئے گرڈ سٹیشن قائم کیے گئے ہیں، دو گرڈ سٹیشنز کو ایک ارب کی لاگت سے ڈبل سورس کیا گیا ہے جبکہ گرڈ سٹیشنز کو اپ گریڈ بھی کیا جارہا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ نئے ٹرانسفارمر کی کاسٹ صنعتی صارفین ادا کرتے ہیں لیکن جب انہیں تبدیل کیا یا ہٹایا جاتا ہے تو لیسکو اس پر اپنی ملکیت کا دعوی کردیتا ہے جو نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کی جانب سے نئے ٹرانسفارمرز خریدنے کی صورت میں پرانا ٹرانسفارمر صارف کے حوالے کیا جائے تاکہ وہ اسے کہیں اور استعمال کرسکے۔ انوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کو گھٹیا معیار کے میٹرز کی شکایات ہیں ، فالٹ پیدا ہونے کی صورت میں صارف کا قصور نہیں ہوتا مگر اس پر بھاری جرمانہ عائد کردیا جاتا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیسکو اعلیٰ معیار کے میٹرز نصب کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ انڈسٹری کو لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ ہے اس کے باوجود کچھ انڈسٹریل فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جو بند ہونی چاہیے۔ اگر کسی صورت لوڈشیڈنگ مقصود ہو تو یہ رات آٹھ بجے کے بعد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو انکم ٹیکس سے استثنیٰ کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے کے بعد ضروری ایڈجسٹمنٹ کرتا ہے، جون کے بلوں میں یہ ایڈجسٹمنٹ ابھی تک نہیں کی گئی۔

ملک طاہر جاوید نے بجلی بچانے کے لیے مہم کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ خاوررشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے کہا کہ شکایات سنٹرز صارفین کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہیں لہذا انہیں پوری طرح فعال کیا جائے۔ انہوں نے روایتی سسٹم پر بوجھ کم کرنے کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں میاں محمد نواز، شاہد نذیر چودھری، عزیز الرحمن چن ، محمد ارشد چودھری، میاں عبدالزاق، بائو بشیر، جاوید اقبال بھٹی، خلیق ارشد و دیگر بھی موجود تھی

متعلقہ عنوان :