موٹروے پولیس نے جی ٹی روڈ پر بغیر ہیلمٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 28 مارچ 2018 12:22

موٹروے پولیس نے جی ٹی روڈ پر بغیر ہیلمٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 مارچ 2018ء) : موٹروے پولیس نے جی ٹی روڈ پر بغیر ہیلمٹ داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹروے نے جی ٹی روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کر دی۔ موٹروے پولیس کی جانب سے جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو 31 مارچ تک آگاہی مہم کے تحت ہیلمٹ سے متعلق آگاہی دی جا رہی ہے۔

31 مارچ کے بعد جی ٹی روڈ پر بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کامونکی ٹول پلازہ پر ڈی آئی جی نے خود آ کر لوگوں کو نہ صرف آگاہ کیا بلکہ کئی موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ بھی تقسیم کیے۔ ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کے مطابق تو موٹرسائیکل سوار دونوں افراد کو ہیلمٹ پہننا چاہئیے لیکن فی الوقت ہم یہ کوشش کر رہے ہیں کہ جو شخص موٹر سائیکل چلا رہا ہے وہ ہیلمٹ کی پابندی کرے۔ گذشتہ ایک سال کے دوران جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں ہونے والی اموات 150 سے زائد ہیں۔ اس میں سے 100 کے نزدیک موٹر سائیکل سواروں کی اموات ہیں۔ پابندی کا اطلاق یکم اپریل کو ہو گا اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :