وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سپریم کورٹ میں ملاقات ،عدالتی اصلاحات، آئینی اداروں کے درمیان بہتر رابطوں کے فروغ سمیت دیگر اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال، چیف جسٹس نے وزیراعظم کا ججز گیٹ پر استقبال کیا،یک گھنٹے پچاس منٹ تک چیف جسٹس کے چیمبر میں رہے، چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی ،چیف جسٹس وزیراعظم کو ججز گیٹ تک خود چھوڑنے بھی آئے، وزیر اعظم سے الوداعی مصافحہ کیا اور تصویر بھی بنائی

منگل 27 مارچ 2018 23:26

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سپریم کورٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سپریم کورٹ میں ملاقات ہوئی جس میں اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی خواہش پریہ ملاقات ہوئی، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سات بجے سپریم کورٹ پہنچے اور ایک گھنٹے پچاس منٹ تک چیف جسٹس کے چیمبر میں رہے جہاں چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات چیف جسٹس اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات خوش گوار ماحول میں ہوئی جس میں عدالتی اصلاحات، آئینی اداروں کے درمیان بہتر رابطوں کے فروغ سمیت دیگر اہم ملکی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ذرائع کے مطابق چیف جسٹس نے وزیراعظم کا ججز گیٹ پر استقبال کیا جہاں چیف جسٹس کے ہمراہ رجسٹرار سپریم کورٹ ارباب عارف رحیم اور ایڈیشنل رجسٹرار سمیت دیگر سٹاف بھی موجود تھا، ملاقات کے دوران وزیراعظم کی چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی اور واپسی پر چیف جسٹس وزیراعظم کو ججز گیٹ تک خود چھوڑنے بھی آئے چیف جسٹس نے وزیر اعظم سے الوداعی مصافحہ کیا اور تصویر بھی بنائی اور رخصت کیا ۔