پاکستانیت کی سوچ کا نام ہی مسلم لیگ ہے، اسے ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے‘چودھری شجاعت حسین،

پرویزالٰہی بلوچستان سمیت پورا ملک چودھری صاحبان کی سیاسی بصیرت کی تعریف اور عزت کرتا ہے، والد صاحب کے بعد میں بھی ساتھ ہوں، عزت و احترام کا رشتہ ہمیشہ رہے گا‘بزنجو ہماری پارٹی کی بلوچستان قیادت میں بھی سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کیلئے کام کرنا ہے‘مسلم لیگی قائدین کی میڈیا سے گفتگو

منگل 27 مارچ 2018 23:23

پاکستانیت کی سوچ کا نام ہی مسلم لیگ ہے، اسے ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے‘چودھری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور بلوچستان کے معاملات پر بات چیت کی گئی۔

تینوں رہنمائوں نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کی۔ اس موقع پر بلوچستان کے سینئر وزیر جعفر خان مندوخیل، کامل علی آغا، محمد بشارت راجہ، شافع حسین، میاں منیر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا اور رخصت بھی کیا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستانیت کی سوچ کا نام مسلم لیگ ہے جسے ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہئے کیونکہ پاکستان سب سے مقدم ہے اور پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، بلوچستان میں بھی یہی سوچ پائی جاتی ہے اور ہماری پارٹی کی بلوچستان قیادت میں بھی سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہنر ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کیلئے کام کرنا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بزنجو نے کہا کہ چودھری صاحبان کے ساتھ عزت و احترام کا دیرینہ رشتہ ہے جو ہمیشہ رہے گا، پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی کی سیاسی بصیرت کی تعریف اور نہایت عزت کی جاتی ہے، یہ بھی سب کو عزت و محبت اور احترام دیتے ہیں، ہمارا ان سے عزت محبت کا پرانا رشتہ ہے اور ہم بلوچستان والے تو عزت دینے والے کیلئے جان بھی قربان کر دیتے ہیں، پہلے میرے والد صاحب چودھری صاحبان کے ساتھ تھے میں 2001ء میں سیاست میں آنے کے بعد ان کے ساتھ رہا اور 2013ء میں بھی بلوچستان کے عوام نے ان کے ساتھ محبت کا اظہار کیا جو اب بھی ہے، ہم اس گھر کو نہایت عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

چودھری شجاعت حسین نے عبدالقدوس بزنجو کے عزم، حوصلے، محنت اور بصیرت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم بلوچستان کو خودمختار صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں، میں نے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو سے ہمیشہ کہا کہ وہ پاکستان اور پاکستان کی سوچ کو مقدم رکھیں اور اپنے صوبہ کیلئے کام کریں، انہوں نے اپنے ساتھیوں کو عزت و احترام اور ہمیت دی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بلوچستان اور وزیراعلیٰ بزنجو سے ہمارے دیرینہ، مضبوط اور دیرپا رشتے ہیں، ہمارے اور ان کے بزرگوں میں بھی قریبی تعلقات تھے، مسلم لیگ ایک سوچ کا نام ہے جو صرف پاکستان ہے، ہم سب نے پاکستان کو اہمیت دینی ہے اور ایسی سوچ رکھنے والوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا چاہئے کیونکہ یہ ملک ہے تو ہم سب بھی ہیں، بلوچستان کی قیادت کی بھی یہی سوچ ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان اور پھر مسلم لیگی ذہن کو دیکھنا ہو گا اور ان کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔

وزیراعلیٰ بزنجو نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ بلوچستان کے حقوق کیلئے آواز بلند کی، ن لیگ نے سینیٹ الیکشن میں پیسہ استعمال کیا، بلوچستان والوں کو بھی پیسوں کی پیشکش کی گئی، وزیراعظم کا عہدہ محترم ہے چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ رائے دہی شماری سے جمہوری طور پر ہوا ان کے خلاف بیان زیب نہیں دیتا، کسی پر انگلی اٹھانے سے پہلے خود کو دیکھنا چاہئے، یہ ہمارا سیاسی المیہ ہے کہ ہم شکست تسلیم نہیں کرتے، ن لیگ کو سوچنا چاہئے کہ بلوچستان کے لوگ ان سے دور کیوں ہوئے۔

متعلقہ عنوان :