صوبائی حکومت تاجروں کے مشکلات کی طرف توجہ دینے کی بجائے ان کو نظر انداز کررہی ہے،سکندرشیرپائو

منگل 27 مارچ 2018 23:14

صوبائی حکومت تاجروں کے مشکلات کی طرف توجہ دینے کی بجائے ان کو نظر انداز ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے تاجر برادری کے مسائل کے حل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی محنت اور لگن کی بدولت ملک کی معاشی صورتحال کو استحکام ملتا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تاجر برادری گونا گوں مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں اور صوبائی حکومت ان کے مشکلات کی طرف توجہ دینے کی بجائے ان کو نظر انداز کررہی ہے جس کی وجہ سے ان میں پائی جانے والی مایو سی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے شفیع مارکیٹ پشاور صدر کی تاجر برادری سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سکندر شیرپائو نے مارکیٹ کے نومنتخب صدر مجیب الرحمان اور ان کی پوری کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی وہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے کردارادا کریں گے۔

(جاری ہے)

شفیع مارکیٹ پشاور صدر کی نومنتخب کابینہ نے سکندر شیرپائو کو اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پشاور صدر جیسے پوش علاقہ میں بجلی کے فرسودہ نظام کے ساتھ ساتھ تجاویزات اور ٹیکسوں کی بھرپور کی وجہ سے تاجر برادری عاجز آچکی ہے اور انھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

سکندر شیرپائو نے تاجر برادری کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو موثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور یہاں پر بجلی کے پرانے نظام،بوسیدہ تاروں کی تبدیلی ،تجاوزات اور ٹیکسوں کے حوالے سے ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔اس موقع پر سکندر شیرپائو نے تاجر برادری کی نومنتخب کابینہ سمیت پورے صدر بازار کا دورہ کیا اوران کو درپیش مسائل کاخود جائزہ لیا۔