پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ شعبہ خواتین کے پاکستان میں نمائندے جمشید قاضی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی

پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صنفی مساوات کے لیئے اقدامات اٹھائے ہیں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بنیں، بلاول بھٹو

منگل 27 مارچ 2018 23:14

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ شعبہ خواتین ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اقوام متحدہ شعبہ خواتین کے پاکستان میں نمائندے جمشید قاضی نے بلاول ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جمشید قاضی نے پی پی پی چیئرمین سے خواتین کی ترقی اورانہیں خودمختار بنانے کی ضمن میں ملک بھر اور خصوصا پی پی پی و حکومت سندھ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صنفی مساوات کے لیئے اقدامات اٹھائے ہیں اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو مسلم دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم بنیں۔ انہوں نے فرسٹ ویمن بئنک اور خواتین کے لیئے علحیدہ پولیس اسٹیشنز قائم کرنے کے ساتھ ساتھ کئی دیگر اقدامات کے علاوہ خواتین کو بطور جج اور پولیس افسر بھی مقرر کیا۔

(جاری ہے)

صدر آصف علی زرداری کی زیر قیادت پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، جو کہ غربت کے خاتمے کا بہت بڑا پروگرام ہے، جس سے ملک کی لاکھوں خواتین مستفید ہوئیں۔ پی پی پی چیئرمین نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے یونین کائونسل سطح پر جاری پروگرام برائے انسداد غربت سے 6 لاکھ خواتین مستفید ہوئی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مستقبل میں بھی خواتین کو خودمختار بنانے اور ان کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل رکھے گی۔ اس موقعے پر اقوام متحدہ کے نمائندہ جمشید قاضی نے حکومت سندھ کی جانب سے خواتین کی بھبود و ترقی کے لیئے اٹھائے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔