حکمرانوں کے رونے دھونے پر اب قوم ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی ،سراج الحق

وفاقی حکومت ناکامی سے دوچار ر صوبائی حکومتیں بھی عوام کے مسائل حل نہیں کر سکیں حکمرانوں نے ملک کے نظریے کے ساتھ غداری کی جس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے،حکمرانوں کی لوٹ کھسوٹ کی کہانیاں پانامہ ، لندن اور دبئی سمیت ہر جگہ سنی جاتی ہیں 8 / اپریل کو مینار پاکستان کے سائے تلے پنجاب بھر کے نوجوانوں کو جمع کر کے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے،کنونشن سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

منگل 27 مارچ 2018 22:45

حکمرانوں کے رونے دھونے پر اب قوم ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی ،سراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں کے رونے دھونے پر اب قوم ان کے دھوکے میں نہیں آئے گی ۔ بار بار برسراقتدار آنے والوں نے ہمیشہ عوام کی امنگوں کا خون کیا اور انہیں مایوسی کی دلدل میں دھکیلا اور اپنے مفادات سمیٹے ۔ وفاقی حکومت ناکامی سے دوچار ہے اور صوبائی حکومتیں بھی عوام کے مسائل حل نہیں کر سکیں۔

ان حکمرانوں کی بداعمالیوں کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور آج باقی ماندہ پاکستان بھی علاقائی ، طبقاتی فتنوں میں گھرا ہوا ہے۔حکمرانوں نے ملک کے نظریے کے ساتھ غداری کی جس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل اور کروڑوں باصلاحیت نوجوانوں کی سرزمین ہونے کے باوجود آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض کیوں ہی ۔

(جاری ہے)

حکمرانوں نے کرپشن سے سپیشلائزیشن کر رکھی ہے اور ان کی لوٹ کھسوٹ کی کہانیاں پانامہ ، لندن اور دبئی سمیت ہر جگہ سنی جاتی ہیں ۔

جماعت اسلامی نوجوانوں کی قوت سے 2018 ء کے انتخابات میں اسٹیٹس کو کی قوتوں کے ظالم شکنجے کو توڑے گی اور ملک و قوم کو لٹیروں کے ٹولے سے نجات دلائے گی ۔ 8 / اپریل کو مینار پاکستان کے سائے تلے پنجاب بھر کے نوجوانوں کو جمع کر کے آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جے آئی یوتھ پنجاب کے عہدیداروں اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے نامزد امیدواروں کے کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں کو دی گئی بریفنگ میں کیا ۔

اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ ، صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل ، امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد ، اظہر اقبال حسن ، امیرالعظیم ، جاوید قصوری ، سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف ، میا ں عثمان جاوید و دیگر بھی موجود تھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمارے نوجوان دنیا بھر میں ذہانت میں سب سے آگے ہیں اور دنیا ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا لوہا مانتی ہے مگر بے روزگاری کی وجہ سے ہمارے نوجوان ملک سے باہر بھاگ رہے ہیں اور ڈگریوں کو جلارہے ہیں ۔

حکومت قرضے بھی جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو دیتی ہے ، پڑھے لکھے نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضے نہیں دیے جارہے ۔ انہوں نے کہاکہ غریب مہنگائی ، بے روزگاری اور غربت میں بری طرح پس رہاہے ۔ انتخابات کو دولت کا کھیل بنادیا گیاہے ۔عام آدمی الیکشن لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔ اقتدار کے ایوانوں کے دروازے ارب پتیوں کے لیے کھلتے ہیں ۔ جماعت اسلامی غریب نوجوانوں کے لیے ایوانوں کے دروازے کھولے گی اور آئندہ الیکشن میں پچاس فیصد ٹکٹ نوجوانوں کو دیں گے اور نوجوانوں کو مایوسی سے نکال کر ملک کی سپر طاقت بنادیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہم چیف جسٹس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام نو منتخب سینیٹرز سے بیان حلفی لیا جائے کہ وہ ووٹ کی خریدو فروخت کے سیاہ دھندے میں ملوث نہیں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تمام پارٹی لیڈروں نے اعتراف کیا ہے کہ سینیٹ کے الیکشن میں ارکان کی خرید و فروخت ہوئی ہے۔