گورنرسندھ محمد زبیر سے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

منگل 27 مارچ 2018 22:11

گورنرسندھ محمد زبیر سے پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون گردانا جاتا ہے ، اس شعبہ سے وابستہ صحافی معاشرتی ناہمواریوں کی نشاندہی ، عوامی مسائل کے حل اور فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں ، موجودہ حکومت آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر بھرپور یقینی رکھتی ہے، اس ضمن میں صحافیوں کے تحفظ ، حقوق کی حفاظت ، حوصلہ افزائی ، سہولیات کی فراہمی اور قومی توقعات کے مطابق معاشرہ میں ان کے کردار کو ہر صورت یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں کسی بھی معاشرہ ، شہر اور حلقہ کے پر امن ہونے کی واضح دلیل ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت نے ملک میں ثقافت کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے وفد جس کی سربراہی چیئر مین اطہر جاوید صوفی اور صدر عبد الوسیع قریشی کررہے تھے ، سے ملاقات میں کیا ۔

وفد میں ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری ذیشان صدیقی ، جنرل سیکریٹری پرویز مظہر ،ممبر گورننگ باڈی قیصر مسعود جعفری ، غزالہ فصیح ، جنید رضوی ، نائب صدر راشد نور، جوائنٹ سیکریٹری مصطفی ملاح ،اسلم الیاس رشیدی اور خالد شکیل شامل تھے ۔ ملاقات میں شو بز سے وابستہ صحافیوں کے مسائل ، کفالت ، طبی سہولیات ، مالی اعانت ،امن و امان کے قیام کے بعد شہر میں جاری سماجی ، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو جاگر کرنے میں صحافیوں کے کردار ، ایسوسی ایشن کے 30 برس مکمل ہونے پر منعقدہ ہونے والی تقریب سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی شہ رگ کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد معاشی ، سماجی ، ثقافتی ، ادبی اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ،شہر میں منعقدہ ہونے والے عالمی سطح کے پروگرامز میں غیر ملکی شرکاء با الخصوص صحافیوں کی شرکت سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان با الخصوص کراچی کا مثبت امیج اجاگر ہوا ہے ، شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کے بڑھنے سے شو بز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہر کے مثبت امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے منعقدہ ثقافتی پروگرامز کی اچھی ، بہتر اور مثبت رپورٹنگ کریں یہ ان کی قومی ذمہ داری بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 29 مارچ 2018 ء سے شہر میں پاکستان فلم فیسٹول منعقد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے فلمی ستارے ، ڈائریکٹر ز ، پروڈیوسرز اور دیگر متعلقہ افراد شرکت کرینگے پروگرام کی بہتر اور مثبت کوریج سے دنیا بھر میں پاکستان اور کراچی کا مثبت تاثر ابھرے گا ، اقتصادی شہ رگ کے حامل شہر میں امن و امان کے قیام کے بعد فلم انڈسٹریز تیزی سے فروغ پا رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے اس ضمن میں شو بز سے وابستہ صحافیوں کو بھی اپنی ذمہ داری کے لئے شہر سے خبریں با آسانی حاصل ہو جاتی ہے ، اچھی ، معیاری ، بہتر اور مثبت صحافت سے ہی معاشرہ میں مثبت تبدیلی یقینی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان فلم ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن پاکستان با الخصوص کراچی میں شوبز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی نمائندہ ایسوسی ایشن ہے جو شوبز سے وابستہ صحافیوں کے حقوق کے لئے کوشاں اور صحافیوں و فنکاروں کے مابین روابط کا اہم اور موثر ذریعہ بھی ہے ، ایسوسی ایشن کے 30 برس مکمل ہونے پر امسال بڑے پیمانے پر تقریب سے شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہو گا ۔

ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو شوبز سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے مسائل ، درپیش مشکلات اور صحافیوں کی مالی اعانت سے متعلق بھی تفصیل سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ سنسر بورڈ کا تاحا ل کوئی چیئر مین نہیں ہے جس سے ثقافتی سرگرمیوں کو موئثر انداز میں فروغ نہیں دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کلچر اور فلم پالیسی متعارف کروانے پر وفاقی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ گورنر سندھ نے وفد سے کہا کہ وہ اس ضمن میں وزیر ثقافت سے بات کرینگے ۔وفد نے گورنر سندھ کو ایسوسی ایشن کے 30 برس مکمل ہونے کے سلسلہ میں اپریل کے تیسرے ہفتہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی ۔

متعلقہ عنوان :