گورنر سندھ محمد زبیر سے اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد کی ملاقات

منگل 27 مارچ 2018 22:11

گورنر سندھ محمد زبیر سے اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد کی ملاقات
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں اعلیٰ تعلیمی ادارے قومی توقعات، علمی ضروریات اور دور جدید میں ترقی و خوشحالی میں کلیدی اہمیت کے حامل ہیں، بیرونی ٹیکنالوجی پر انحصار کم کرنے کے لئے جامعات میں تحقیق پر بھرپور توجہ عصر حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ہے، جامعات میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کو بھرپور مواقعوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ کراچی کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔ وفد کی سربراہی عمر احمد خان کررہے تھے جبکہ وفد میںعبد الاحد طلہٰ، بلال وارثی ، شہزور حسین ، حافظ عزیر علی ، بصیر حسینی اور اُصید خانزادہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاری، جامعہ میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں، اسلامی تعلیمات کے مطابق طلبہ کی تعمیر سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ کے احکامات کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعہ رضائے الٰہی کے حصول سے ہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل یقینی ہے اس ضمن میں اسلام کے رہنما اصولوں کے مطابق ایک دوسرے کی مدد کا جذبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درس گاہوں کی حرمت اور تقدس کی حفاظت طالب علموں کی اولین ذمہ داری ہے، اساتذہ کا احترام، درس و تدریس کے عمل میں بھرپور شرکت، ایک دوسرے کی مدد، تعلیمی رجحان میں سبقت لینے کی لگن اورامتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنا ایک طالب علم کا وژن ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے اس کے تعلیمی معیار میں اضافہ ، تحقیق کے فروغ او ر بہترین درس گاہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام ، انرجی بحران کے خاتمہ اور قومی معیشت کے استحکام کے بعد پاکستان ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ترقی کو عہد حاضر کے مطابق مزید تیز کیا جائے جس میں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کی تکمیل کے بعد اعلیٰ تعلیم یافتہ، ہنر مند، تجربہ کار اور محنتی نوجوان قومی معیشت کی ترقی اور سی پیک منصوبہ کی افادیت سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوں گے، اس ضمن میں جامعات کے طالب علم ہراول دستہ کا کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں اسلامی جمعیت طلبہ کے وفد نے طالب علموں کو درپیش مسائل، جامعہ کراچی کو درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :