سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی سے تحریری معافی نامہ طلب کرلیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 27 مارچ 2018 16:33

سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی سے تحریری معافی نامہ طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27مارچ۔2018ء) نہال ہاشمی توہین عدالت کیس میں تمام بار ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے سپریم کورٹ سے در گزر کرنے کی اپیل کردی ہے جبکہ عدالت نے نہال ہاشمی سے تحریری معافی نامہ طلب کرلیا۔سپریم کورٹ بار کے صدر خورشید کلیم کی سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ جو کچھ ہوا وہ بدقسمتی ہے، اب آپ نرمی دکھائیں، اس میں آپ کی ذات کا معاملہ درمیان میں آگیاہے۔

سندھ بار نے نہال ہاشمی کا لائسنس تین ماہ کے لیے معطل کردیا، رشید اے رضوی کہتے ہیں کہ مزید کارروائی کے لیے معاملہ سندھ ہائی کورٹ بھیج دیا گیا ہے۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے نہال ہاشمی کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت رشید اے رضوی کی درخواست پر دوپہر ایک بجے تک ملتوی کی تھی۔

(جاری ہے)

رشید اے رضوی نے موقف اختیار کیا کہ وکلاءقیادت آئی ہوئی ہے، آپس میں مشاورت کرکے آگاہ کریں گے۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرپیرخورشید کلیم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا پیر خورشید سے مکالمہ ہوا جس میں انہوں نے کہا کہ آپ اپنے علاقے اور ہمارے بھی پیر ہیں، ہم آپ کو مانتے ہیں، آج ہم سے مل کر جائیے گا۔دریں اثناءسپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں نہال ہاشمی کا تحریری معافی نامہ قبول کرتے ہوئے عدالتی کارروائی ختم کردی ہے۔چیف جسٹس نے نہال ہاشمی سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اپنے کہے پر ندامت یا شرمندگی ہے جس پر نہال ہاشمی نے جواب دیا کہ اپنے عمل پر شرمندہ ہوں، آئندہ اپنے گھر، گاڑی اور کسی بھی محفل میں محتاط رہوں گا۔ بعد ازاں سپریم کورٹ نے تحریری معافی نامے کے متن کا جائزہ لے کر نہال ہاشمی کو معاف کردیا۔

متعلقہ عنوان :