سڑکوںکی تعمیر ومرمت کے منصوبوں میں تاخیر کے باعث شہریوں کو مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو

پیر 26 مارچ 2018 23:27

سڑکوںکی تعمیر ومرمت کے منصوبوں میں تاخیر کے باعث شہریوں کو مسائل اور ..
کوئٹہ۔26مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے کوئٹہ کی مختلف شاہراہوں کی تعمیر ومرمت کے منصوبوں میں تاخیر اور نواں کلی سمیت دیگر علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور صفائی کی صورتحال کی فوری بہتری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے اور تعمیراتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سڑکوںکی تعمیر ومرمت کے منصوبوں میں تاخیر کے باعث شہریوں کو مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں صفائی کی ابتر صورتحال بھی باعث تشویش ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیاجاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ متعلقہ محکموں کو انتباہ کرتے ہیں کہ وہ صورتحال کی بہتری کے لئے مؤثر اقدامات کرتے ہوئے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں بصورت دیگر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈزکے صحیح مصرف کو یقینی بناکر عوام کو بہتر شہری سہولتیں فراہم کی جاسکتی ہیں۔ ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیاجارہا ہے اور صوبائی کابینہ نے اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے مطلوبہ اضافی فنڈزکے اجراء کی منظوری بھی دے دی ہے۔ اب یہ متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ منصوبوں کی مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ جلد دوبارہ شہر کا دورہ کریں گے اور منصوبوں کے معیاراورپیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ صوبائی وزیر میر عاصم کردگیلو۔ سابق صوبائی وزیر منظور احمد کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنرکوئٹہ ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران ٹریفک کی روانی جاری رہی اور کہیں بھی ٹریفک جام نہیں ہونے دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے سمنگلی روڈ، نواں کلی، گلستان روڈ،سریاب روڈ سمیت بعض دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر لوگوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ پانی اور صفائی کی صورتحال سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔